کویت اردو نیوز: جدہ کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر آن ارائیول ٹورسٹ ویزوں کے اجراء کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ وزارت داخلہ کے ذیلی ادارے محکمہ امیگریشن اینڈ پاسپورٹ نے ملک میں سیاحت کے لیے آنے والوں کے لیے ہوائی اڈے پر خصوصی کاؤنٹر قائم کیے ہیں۔
شاہ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ محکمہ انصاف کے تعاون سے ایئرپورٹ پر آن ارائیول ویزوں کے لیے خصوصی کاؤنٹر کھولے گئے۔
افتتاح کے موقع پر ڈائریکٹر جنرل جوازات لیفٹیننٹ جنرل سلیمان بن عبدالعزیز ال یحی اور ایئرپورٹ اتھارٹی کے سی ای او انجینئر ایمن عبدالعزیز ابوابہ اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ اس موقع پر شاندار افتتاحی تقریب کا انعقاد بھی کیا گیا۔
اس موقع پر ڈائریکٹر پاسپورٹ لیفٹیننٹ جنرل سلیمان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مملکت میں آنے والوں کے لیے محکمہ پاسپورٹ کی جانب سے بہترین خدمات فراہم کی جاتی ہیں۔
ہمارا مقصد سعودی عرب آنے والے سیاحوں کو امیگریشن کی اعلیٰ سہولیات فراہم کرنا ہے۔ اس سلسلے میں ایئرپورٹ پر خصوصی کاؤنٹرز قائم کیے گئے ہیں تاکہ آن ارائیول ٹورسٹ ویزا کی سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ سیاحوں کا بہترین انداز میں استقبال کیا جا سکے۔
واضح رہے کہ سعودی عرب کے سیاحتی ویزے پر آنے والوں کو عمرہ کی ادائیگی اور مسجد نبوی میں حاضری کی بھی اجازت ہے، اس کے علاوہ وہ قیام کے دوران مملکت کے کسی بھی شہر میں جا سکتے ہیں۔
سعودی عرب میں سال 2019ء میں مختلف قسم کے ویزے متعارف کرائے گئے ہیں جس میں آن لائن ویزا سروس کے تحت عمرہ، سیاحت یا وزٹ ویزے حاصل کیے جاسکتے ہیں۔