قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور پاکستان انڈر 19 کے مینٹور سرفراز احمد نے انڈر 19 ٹیم کی فائنل میں شاندار فتح پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کامیابی نوجوان کھلاڑیوں کی محنت، لگن اور اعتماد کا نتیجہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اللہ کا شکر ہے کہ بچوں نے دل لگا کر محنت کی، میں نے صرف تھوڑی رہنمائی کی اور ان میں اعتماد پیدا کیا، جس پر وہ پورا اترے۔
دبئی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سرفراز احمد نے کہا کہ وہ کوئی بڑا کام نہیں کرتے، اصل کامیابی اللہ کے کرم سے ملتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم کے تمام کھلاڑیوں نے بھرپور محنت کی، اسی لیے نتیجہ سب کے سامنے ہے۔ سرفراز احمد کے مطابق انہوں نے کھلاڑیوں کو لمبے لیکچر نہیں دیے بلکہ ان کے اندر موجود ٹیلنٹ پر یقین رکھا اور انہیں میدان میں اپنا کھیل دکھانے کی آزادی دی۔
سرفراز احمد نے بتایا کہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے واضح پیغام دیا تھا کہ اگر آپ فائٹر ہیں تو میدان میں فائٹ کر کے دکھائیں۔ انہوں نے کہا کہ انڈر 19 ٹیم نے دبئی میں یہی کر کے دکھایا اور ہر میچ میں بھرپور جذبے کے ساتھ مقابلہ کیا۔ خاص طور پر فائنل میں ٹیم کا حوصلہ اور دباؤ میں کارکردگی قابلِ تعریف رہی۔
انہوں نے نوجوان بیٹر سمیر منہاس کی اننگ کو سراہتے ہوئے کہا کہ سمیر نے دباؤ میں ایک بڑی اور شاندار اننگ کھیلی جو ٹیم کی جیت کی بنیاد بنی۔ سرفراز احمد کے مطابق ملتان میں کوچز نے سمیر منہاس کے ساتھ بہت محنت کی، انہیں مسلسل رہنمائی دی، اور آج اسی محنت کا پھل سب نے دیکھا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس کامیابی کا اصل کریڈٹ خود سمیر کو جاتا ہے۔
سرفراز احمد نے بالرز کی کارکردگی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ علی رضا، عبدالسبحان اور صائم نے نہایت محنت اور نظم و ضبط کے ساتھ بولنگ کی۔ انہوں نے کہا کہ تینوں بالرز نے مشکل اوورز میں ذمہ داری دکھائی اور حریف ٹیم پر دباؤ برقرار رکھا، جو جیت میں اہم ثابت ہوا۔
آخر میں سرفراز احمد نے کہا کہ یہ کامیابی مکمل طور پر ٹیم ورک کا نتیجہ ہے۔ ہر کھلاڑی نے اپنا کردار ادا کیا، کسی نے بیٹنگ میں، کسی نے بولنگ میں اور کسی نے فیلڈنگ میں ٹیم کو فائدہ پہنچایا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اللہ کا جتنا شکر ادا کیا جائے کم ہے، اگر نیت صاف ہو اور اچھا گمان رکھا جائے تو نتیجہ بھی ہمیشہ اچھا نکلتا ہے۔


















