کویت اردو نیوز 18 جنوری: وزیر اعظم پاکستان کی جانب سے متحدہ عرب امارات پر دہشت گرد حملے کی مذمت کرنے پر ولی عہد ابوظہبی کا پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے متحدہ عرب امارات پر حوثی دہشت گردوں کے حملوں کی مذمت کی جبکہ ابوظہبی کے ولی عہد نے یو اے ای کی جانب سے ان کے مخلصانہ جذبات پر عمران خان کا شکریہ ادا کیا۔ ابوظہبی کے ولی عہد اور متحدہ عرب امارات کی مسلح افواج کے ڈپٹی سپریم کمانڈر شیخ محمد بن زید النہیان کو منگل کو پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان کا فون آیا جس میں انہوں نے پاکستان کی جانب سے متحدہ عرب امارات میں شہری علاقے پر حوثی ملیشیا کے اس گھناؤنے دہشت گردانہ حملے کی مذمت کا اظہار کیا۔ انہوں نے متحدہ عرب امارات کے ساتھ پاکستان کی یکجہتی اور
امارات کی سلامتی اور خودمختاری کو لاحق کسی بھی خطرے کو مسترد کرنے کا اعادہ کیا۔ پاکستانی وزیر اعظم نے ان حملوں کے متاثرین کے لیے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی خواہش کی۔
اپنی طرف سے شیخ محمد نے یو اے ای اور اس کے عوام کی جانب سے ان کے مخلصانہ جذبات کے لیے عمران خان کا شکریہ ادا کیا اور اللہ تعالی سے دعا کی کہ وہ سب کو ہر قسم کے نقصان سے محفوظ رکھے۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظہبی میں یمنی حوثی تنظیم کی جانب سے دہشت گردی کے حملے میں تین افراد جاں بحق ہوئے جس میں 2 بھارتی جبکہ ایک پاکستانی شہری شامل تھے۔