کویت اردو نیوز 15 ستمبر: پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی ) نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈ کپ 2022 اور انگلینڈ کے خلاف ہوم سیریز کے لئے قومی اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیف سلیکٹر محمد وسیم نے اسکواڈ کا اعلان کیا کہ
بابراعظم کپتان اور شاداب خان نائب کپتان ہوں گے۔ اس کے علاوہ آصف علی، حیدرعلی ، افتخار احمد ،حارف رؤف، خوشدل شاہ، نسیم شاہ ، شاہین شاہ آفریدی، محمد حسین ، محمد نواز کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ شان مسعود کو بھی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں شمولیت کا پروانہ ملا جبکہ عامر جمال، محمد حارث ( ریزو وکٹ کیپر) ، شاہ نواز دھانی بھی اسکواڈ کا حصہ ہیں۔ ابرار احمد (ایکسڑا)، محمد وسیم جونئیر اور عثمان قادر بھی اسکواڈ میں شامل ہیں۔ چیف سلیکٹر محمد وسیم کا کہنا تھا کہ یہی کھلاڑی نیوزی لینڈ میں ٹرائی سیریز کیلئے اسکواڈ کا حصہ ہوں گے جبکہ فخرزمان (ایکسڑا)، شاہین آفریدی انگلینڈ، نیوزی لینڈ سیریز میں شامل نہیں، دونوں کی انجری کا جائزہ لیا جارہا ہے۔
خیال رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 16 اکتوبر سے 13 نومبر تک آسٹریلیا میں کھیلا جائے گا۔ چیف سلیکٹر محمد وسیم کا کہنا ہے کہ یہ ٹیم کسی بھی حریف کو ہرانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ لاہور میں انگلینڈ سے سیریز اور ورلڈ کپ اسکواڈ کا اعلان کرتے ہوئے چیف سلیکٹر محمد وسیم نے کہا کہ
ٹی 20 ورلڈ کپ کی تیاری ایک سال پہلے ہی شروع کردی تھی جو کھلاڑی ایک سال سے ٹیم کا حصہ رہے انہیں ہی شامل کیا گیا ہے۔ محمد وسیم نے کہا کہ کھلاڑیوں کو ایک دو میچز کی بنیاد پر ڈراپ نہیں کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایشیا کپ میں ٹیم کی کارکردگی اچھی رہی ہم نے بھارت کو بھی ہرایا ہے گزشتہ ایک سال میں ٹیم نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔