کویت اردو نیوز 23 اکتوبر: کرکٹ کی دو سپر پاورز کے درمیان کھیلا گیا یہ میچ اب تک ٹورنامنٹ کا سب سے سنسنی خیز میچ ثابت ہوا جس کا فیصلہ آخری اوور کی آخری گیند پر ہوا اور بھارت نے مطلوبہ 160 رنز کا ہدف 6 وکٹوں پر حاصل کرلیا، ویرات کوہلی اس اعصاب شکن مقابلے میں 82 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
بھارت کو آخری اوور میں جیت کیلیے 16 رنز درکار تھے جو اس نے مزید دو وکٹیں گنوا کر حاصل کرلیے یوں بھارت اس میچ میں 4 وکٹوں سے فاتح قرار پایا۔
بھارتی بیٹنگ کے آغاز میں 160 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بھارتی بیٹنگ لڑکھڑا گئی تھی اور صرف 31 رنز پر چار کھلاڑی آؤٹ ہوگئے تھے، بھارت کو پہلا نقصان 7 کے مجموعے پر اٹھانا پڑا جب کے ایل راہول 4 رنز بنا کر نسیم شاہ کا شکار بنے، کپتان روہت شرما تو چل میں آیا کے مصداق 10 کے مجموعی اسکور پر حارث رؤف کو اپنی وکٹ دے بیٹھے، افتخار احمد نے ان کا خوبصورت کیچ لیا۔
بھارت کی تیسری وکٹ 26 کے مجموعی اسکور پر گری جب سوریا کمار یادیو 15 کے انفرادی اسکور پر حارث رؤف کی دوسری وکٹ بنے، 31 کے مجموعے پر وکٹ کیپر محمد رضوان اور کپتان بابر اعظم کے گٹھ جوڑ نے اکشر پٹیل کو پویلین کی راہ دکھائی وہ صرف دو رنز بنا کر رن آؤٹ ہوگئے۔
31 رنز کے مجموعی اسکور پر 4 وکٹیں گرنے کے بعد ویرات کوہلی اور ہردیک پانڈیا نے ٹیم کو سہارا دیا اور دونوں بلے بازوں کے درمیان 113 رنز کی پارٹنر شپ ہوئی، پانڈیا 37 گیندوں پر 40 رنز بنا کر محمد نواز کا شکار بنے، تاہم دوسرے اینڈ پر ویرات کوہلی ڈٹے رہے، آخری لمحات میں دنیش کارتیک رن آؤٹ ہوئے تو میچ میں تھوڑی سنسنی پیدا ہوئی۔
تاہم میچ بھارت کے نام رہا، ویرات کوہلی کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ اس سے قبل بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 159 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے شان مسعود اور افتخار احمد نے نصف سنچریاں اسکور کیں، شان 52 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے، افتخار احمد نے دھواں دھار 51 رنز کی اننگ کھیلی، شاہین آفریدی نے 8 گیندوں پر جارحانہ 16 رنز بنائے، ان کے علاوہ کوئی بلے باز بھارتی بولرز کا سامنا نہ کرسکا اور سات بلے باز ڈبل فیگر میں داخل ہی نہ ہوئے۔
کپتان بابر اعظم بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے، محمد رضوان 4، نائب کپتان شاداب خان 5، حیدر علی 2 اور محمد نواز 9 اور آصف علی صرف 2 رنز ہی بنا سکے۔ بھارت کی جانب سے ارشدیپ سنگھ نے 32 اور ہردیک پانڈیا نے 30 رنز دے کر تین تین وکٹیں حاصل کیں، بھونیشو کمار اور محمد شامی کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔