کویت اردو نیوز، 13اپریل: حکومت متحدہ عرب امارات نے دو پاکستانی بھائیوں کو رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں معاشرے میں نمایاں خدمات انجام دینے پر اعزاز سے نوازا ہے۔ ظفر اور عرفان نامی 2 بھائیوں نے دبئی اور شارجہ میں 16,000 سے زائد مفت افطاری ضرورت مندوں میں تقسیم کی۔
ان برادران کا اپنا ایک ریستوراں ہے، جو پاکستانی کھانوں کیلئے مشہور ہے اور وہاں سے ہی یہ اقدام شروع کیا گیا، یہ ریستوران کووڈ-19 وبا کے دوران بھی لوگوں میں مفت کھانا فراہم کر کے اپنی کمیونٹی کے ان لوگوں کی خدمت کرتا رہا جو اپنی ضروریات پوری کرنے کے لیے جدوجہد کر رہے تھے۔
اس اقدام نے تیزی سے مقبولیت حاصل کی، اور بھائیوں نے جلد ہی خود کو روزانہ سینکڑوں لوگوں کی خدمت کرتے پایا۔
ان کی سخاوت کو دیکھتے ہوئے متحدہ عرب امارات کی حکومت نے حال ہی میں ظفر اور عرفان کو معاشرے میں ان کے تعاون پر اعزاز سے نوازتے ہوئے ان کو تعریفی سند اور اعزازی تمغہ پیش کیا۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے، ظفر نے اس اعتراف پر اظہار تشکر ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ اور ان کا بھائی اسلام کی تعلیمات سے متاثر ہیں، جو ضرورت مندوں کی مدد کرنے کی اہمیت پر زور دیتی ہے۔ انہوں نے متحدہ عرب امارات کی حکومت کی حمایت اور حوصلہ افزائی پر بھی شکریہ ادا کیا۔