کویت اردو نیوز،16ستمبر: ممبئی ایئرپورٹ پر طیارہ رن وے سے پھسلنے کے بعد دبئی سے آنے والی پرواز کا رخ موڑ دیا گیا۔
جمعہ کو ایک سرکاری بیان میں کہا گیا کہ جمعرات کو ممبئی ہوائی اڈے پر رن وے سے باہر نکل جانے والے نجی طیارے کو ہٹا کر مالکان کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
چھترپتی شیواجی مہاراج بین الاقوامی ہوائی اڈے (سی ایس ایم آئی اے) کے ترجمان نے کہا کہ اب جائے وقوع پر تمام علاقوں کو صاف کر دیا گیا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ "غیر فعال ہوائی جہاز کی بازیابی 2:53بجے پر شروع ہوئی۔ متاثرہ طیارے کو 5:55 بجے پر ہٹا دیا گیا اور مزید کارروائی کے لیے 6:16بجے پر مالکان کے حوالے کر دیا گیا۔ اب تمام علاقوں کو کلیئر کر دیا گیا ہے،”
ڈی جی سی اے نے بتایا کہ جہاز میں 6 مسافر اور عملے کے 2 ارکان سوار تھے تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔
ایک سرکاری بیان میں کہا گیا کہ "VSR Ventures Learjet 45 طیارہ VT-DBL آپریٹنگ فلائٹ وشاکھاپٹنم سے ممبئی کے لئے آتے ہوئے رن وے 27 پر لینڈنگ کے وقت پھسلنے کا شکار ہوگیا ۔ اس میں 6 مسافر اور 2 عملے کے ارکان سوار تھے۔ شدید بارش کے ساتھ حد نگاہ 700 میٹر تھی۔ تاہم ابھی تک کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے،” ۔
دریں اثنا، برہان ممبئی میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی) نے کہا کہ طیارے میں سوار کل 6 مسافر اور عملے کے 2 ارکان اس واقعے میں زخمی ہوئے۔
اسکے بعد جمعرات کو متعدد پروازوں کا رخ موڑ دیا گیا۔
حکام کے مطابق دو وستارا اور ایک آکاسا ایئر لائنز کی پرواز کو بنگلور ایئرپورٹ کی طرف موڑ دیا گیا۔ دبئی سے آنے والی ایئر انڈیا کی پرواز کو احمد آباد کی طرف موڑ دیا گیا۔ اس کے علاوہ، دہرادون سے ممبئی (DED-BOM) کی وستارا کی پرواز کو گوا ہوائی اڈے کی طرف موڑ دیا گیا ہے۔