کویت اردو نیوز : آسٹریلوی کرکٹ کلب کے کھلاڑی نے آخری اوور میں چھ گیندوں پر چھ وکٹیں لے کر اپنی ٹیم کو ناقابل یقین فتح دلا دی۔ یہ ’ناقابل یقین واقعہ‘ اتوار کو گولڈ کوسٹ پریمیئر لیگ ڈویژن تھری کے ایک میچ میں پیش آیا۔
کرکٹ کلب مڈگیرابا کو یقینی شکست کا سامنا تھا جب کپتان گیرتھ مورگن نے آخری اوور کرنے کے لیے خود گیند کو تھام لیا۔ مخالف ٹیم سرفرز پیراڈائز کو میچ جیتنے کے لیے آخری اوور میں پانچ رنز درکار تھے جبکہ چھ وکٹیں باقی تھیں۔
کپتان مورگن نے آخری اوور کی پہلی گیند پر سرفرز پیراڈائز کے اوپنر جیک گارلینڈ کو پویلین بھیج دیا جو 65 رنز پر کھیل رہے تھے۔ اسکے بعد اگلی پانچ گیندوں پر پانچ بلےباز گولڈن ڈک پر آؤٹ ہوگئے۔
قومی توجہ حاصل کرنے والے باؤلر مورگن نے میچ کے بعد گولڈ کوسٹ بلیٹن کو بتایا، "یہ مزاحیہ تھا، امپائر نے اوور کے آغاز میں مجھے بتایا کہ آپ کو یہ میچ جیتنے کے لیے ہیٹ ٹرک یا کچھ اور کرنا ہو گا ‘۔امپائر کے ردعمل کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب میں نے ایسا کیا تو انہوں نے مجھے عجیب نظروں سے دیکھا۔
قومی ٹیلی ویژن اے بی سی سے بات کرتے ہوئے، کپتان گیرتھ مورگن نے کہا: "یہ ناقابل یقین تھا۔”انہوں نے کہا کہ مجھے یاد ہے کہ جب میں نے پہلی تین گیندوں پر ہیٹ ٹرک کی تھی تو میں نے سوچا تھا کہ یہ میچ ہارنا نہیں ہے۔
مورگن نے کہا کہ جب آخری گیند پر اسٹمپس اکھڑیں تو یہ سب میرے لیےپاگل کردینےوالاتھا۔ میں نے پہلے کبھی ایسا کچھ نہیں دیکھا تھا۔آؤٹ ہونے والے پہلے چار کھلاڑی کیچ جبکہ آخری دو کلین بولڈ ہوئے۔
پیشہ ورانہ کرکٹ میں ایک اوور میں آؤٹ ہونے کی زیادہ سے زیادہ تعداد پانچ ہے۔ یہ کارنامہ نیوزی لینڈ کے نیل ویگنر، بنگلہ دیش کے الامین حسین اور بھارت کے ابھیمنیو مٹھن نے انجام دیا۔