کویت اردو نیوز، 17 اکتوبر 2023 : کولمبیا کی وزارت خارجہ نے اسرائیلی سفیر کو پاگل اور بے غیرت قراردیتے ہوئے انہیں اپنے بیان پر معافی مانگنے اور فوری طور پر ملک چھوڑنے کا حکم دیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق کولمبیا کے صدر گستاو پیٹرو نے غزہ میں اسرائیلی حملوں کو دوسری جنگ عظیم میں نازیوں کے یہودیوں پر ہونے والے ظلم و ستم سے تشبیہ دی۔
کولمبیا کے صدر نے غزہ کو آشوٹز حراستی کیمپ اور وارسا یہودی بستی سے تشبیہ دیتے ہوئے یہ بیان اسرائیلی وزیر دفاع کی جانب سے غزہ کی ناکہ بندی کے اعلان کے بعد دیا۔
صدر Gustavo Pietro نے کہا کہ یہی بات نازیوں نے بھی کہی تھی اور یہ مکروہ حرکت ایک نئے "ہولوکاسٹ” کا باعث بنے گی۔
جس پر کولمبیا میں اسرائیلی سفیر نے صدر گستاو پیٹرو کے بارے میں جوابی بیان میں غیر سفارتی زبان استعمال کی جس سے دونوں ممالک کے تعلقات کشیدہ ہوگئے۔
کولمبیا کے وزیر خارجہ الوارو لیوا نے اسرائیلی سفیر کے بیان کو ’پاگل پن اور بے غیرتی‘ قرار دیتے ہوئے انہیں اپنے بیان پر معافی مانگنے اور فوری طور پر ملک چھوڑنے کا حکم دیا۔
یاد رہے کہ آشوٹز وہ کیمپ تھا جسے دوسری جنگ عظیم کے دوران نازیوں نے چلایا تھا جب کہ وارسا کو جرمن فوج نے یہودیوں کی بغاوت کے بعد تباہ کر دیا تھا۔