کویت اردو نیوز ، 21 اکتوبر 2023 : بھارت میں پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلے گئے میچ کے دوران ایک پاکستانی تماشائی کو ‘پاکستان زندہ باد’ کے نعرے لگانے سے روکنے کی ویڈیو وائرل ہو گئی ہے ، جس کے بعد بھارتی پولیس اور اسٹیڈیم انتظامیہ پر تنقید کے ساتھ ساتھ بھارت میں انٹرنیشنل ایونٹ کے انعقاد پر بھی سوالات اٹھ رہے ہیں۔
جمعہ کو بھارتی شہر بنگلور میں پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان میچ کے دوران ایک پاکستانی تماشائی کو بھارتی پولیس اہلکار نے ‘پاکستان زندہ باد’ کے نعرے لگانے سے روک دیا۔
ورلڈ کپ کا 18 واں میچ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان بنگلور کے ایم چناسوامی اسٹیڈیم میں کھیلا جا رہا ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو کلپ میں ایک بھارتی پولیس افسر کو یہ کہتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے کہ ‘بھارت ماتا کی جئے اچھی ہے لیکن پاکستان زندہ باد اچھا نہیں’ یعنی ‘بھارت ماتا کی جے کہنا اچھی بات ہے لیکن پاکستان زندہ باد کہنا اچھا نہیں ہے۔
سوشل میڈیا پر ویڈیو کلپ شیئر کرتے ہوئے لکھا گیا ہےکہ ’پاکستانی جرسی پہنے یہ نوجوان پاکستان زندہ باد کا نعرہ نہیں لگا سکتا، یہ ملک ورلڈ کپ کی میزبانی کیسے کر سکتا ہے‘۔ یہ ناانصافی ہے ۔
ٹوئٹر صارف حمزہ قریشی نے سوال کیا کہ ‘بھارتی پولیس اہلکار نے پاکستانی تماشائیوں کو ‘پاکستان زندہ باد’ کے نعرے لگانے سے روکا جب کہ بھارتی تماشائی ‘بھارت ماتا کی جئے’ سمیت پاکستان مخالف نعرے لگاتے رہے لیکن کسی نے انہیں نہیں روکا۔ کیوں؟’
شفاعت شاہ نے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی اس ویڈیو کے حوالے سے لکھا کہ ‘یہ تعصب کی انتہا ہے، بھارتی پولیس والاپاکستانی کرکٹ شائقین کو پاکستان زندہ باد کےنعرےلگانےسےروک رہاہے۔’
سیاسی تجزیہ کار مبشر زیدی نے بھارتی پولیس افسر کی جانب سے پاکستانی تماشائی کو نعرے لگانے سے روکنے کے معاملے پر کہا کہ اگر آپ نے گزشتہ دہائی میں بھارت کے حالات کو جان بوجھ کر نظر انداز کیا ہے تو بھارتی پولیس کا اس قسم کا رویہ شرمناک ، حیران کن اور پریشان کن ہو سکتا ہے ، "بھارتی پولیس کے اس طرح کے رویے کے بعد کوئی بیوقوف ہی انڈیا جائے گا، ابھی اس طرح کی مزید ویڈیوز سامنے آئیں گی۔”