کویت اردو نیوز ، 21 اکتوبر 2023: کراچی میں ڈانس پارٹی میں نشے اور منشیات کی زیادتی سے لڑکیوں کی موت کا انکشاف ہوا ہے۔ پولیس نے سرکاری اہلکار کا فارم ہاؤس سیل کر کے 4 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ایس ایس پی اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ جنید شیخ کا کہنا ہے کہ چھیپا اور ایدھی کے ریکارڈ کے مطابق گزشتہ چند ماہ میں 12 کمسن لڑکیوں کی لاوارث لاشیں دفنانے کا انکشاف ہوا ہے، یہ لڑکیاں ڈانس پارٹیوں یا جسم فروشی کے اڈوں میں مریں۔
جنید شیخ کا دعویٰ ہے کہ فارم ہاؤسز اور جسم فروشی کے اڈوں کا عملہ خاموشی سے لاشوں کو ٹھکانے لگا دیتا ہے۔ 27 ستمبر کو سچل کے علاقے سے ایک لڑکی کی لاش ملی تھی۔ زیادہ مقدار میں ممنوعہ ادویات لینے کی وجہ سے لڑکی کی موت ہو گئی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ تفتیش کے بعد پتہ چلا کہ خاتون کی موت فارم ہاؤس میں ڈانس پارٹی کے دوران ہوئی تھی اور لاش کو سچل تھانے کی حدودمیں جھاڑیوں میں پھینک دیاگیاتھا۔
ایس ایس پی سپیشل انویسٹی گیشن یونٹ کے مطابق دوران تفتیش پتہ چلا کہ لڑکی کو 3 ماہ قبل ملتان سے لایا گیا تھا۔