کویت اردو نیوز ، 28 اکتوبر 2023: اقوام متحدہ میں سعودی عرب کے مندوب عبدالعزیز ال واصل نے کہا ہے کہ غزہ میں جو کچھ ہو رہا ہے اس کے خطے اور پوری دنیا کے لیے سنگین نتائج ہوں گے۔
الاخباریہ چینل کے مطابق سعودی مندوب عبدالعزیز ال واصل نے کہا کہ "سعودی عرب غزہ سے فلسطینیوں کی جبری بے دخلی اور شہریوں کو نشانہ بنانے کی مذمت کرتا ہے”۔
ال واصل نے جمعے کے روز اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے سامنے سعودی موقف پیش کیا اور کہا کہ امن کے لیے جدوجہد، بین الاقوامی معاہدوں کی پاسداری اور آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے امن مشن کو ترجیح دینی چاہیے۔
سعودی نمائندے نے کہا کہ غزہ کا بحران دو ریاستی حل اور فلسطینی علاقوں سے ناجائز قبضے کے خاتمے کے سلسلے میں عالمی برادری کی غفلت کا نتیجہ ہے۔
ال واصل نے خبردار کیا کہ ‘خطے میں تنازع کا دائرہ وسیع ہو سکتا ہے۔، سعودی مندوب نے مطالبہ کیا کہ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد غزہ تک پہنچائی جائے۔
ال واصل نے کہا کہ عالمی برادری کی جانب سے انسانی المیے کی مذمت یا فلسطینی عوام کے باوقار زندگی کے حق کی حمایت اور اس حملے کی مذمت کرنے میں ہچکچاہٹ جو فلسطینیوں کے حالات زندگی کو اذیت کا باعث بنا ہے، افسوسناک ہے۔