کویت اردو نیوز: کینیڈا نے مستقبل کے لیے اپنے امیگریشن پلان کا اعلان کر دیا ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق کینیڈا کے وفاقی وزیر برائے امیگریشن مارک ملر نے پارلیمنٹ میں آئندہ تین سال کے لیے نئے امیگریشن اہداف پیش کر دیے۔
کینیڈا نے اگلے تین سالوں تک نئے تارکین وطن کی تعداد میں اضافے کے اپنے ہدف کو برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے تاہم ان کی تعلیم اور مہارت کے حوالے سے تبدیلیاں متوقع ہیں۔
مارک ملر کا کہنا ہے کہ کینیڈا 2026 تک 500,000 تارکین وطن کو خوش آمدید کہے گا۔
واضح رہے کہ کینیڈا کی حکومت نے 2023 میں 465,000 اور 2024 میں 485,000 افراد کو مستقل رہائش دینے کا اعلان کیا ہے، جن کی تعداد 2025 تک 500,000 تک پہنچانے کا منصوبہ ہے ، یاد رہے کہ 2015 میں امیگریشن کا ہدف تین لاکھ سے کم تھا۔
کینیڈا کے امیگریشن کے وزیر مارک ملر نے بھی کینیڈا کے امیگریشن نظام کو بہتر بنانے کے منصوبوں کا اعلان کیا ، انہوں نے یہ بھی اعتراف کیا کہ حالیہ برسوں میں کینیڈا کے امیگریشن سسٹم میں کچھ خامیاں ہیں اور وہ اسے بہتر کریں گے۔
دوسری جانب موجودہ حکومت تنقید کی زد میں ہے کہ تارکین وطن کی بڑھتی ہوئی تعداد سے رہائش کی فراہمی اور صحت کی دیکھ بھال کا نظام متاثر ہو رہا ہے۔