کویت اردو نیوز : اسرائیلی فوج نے رات گئے غزہ کی ایک مسجد پر بمباری کی جس کے نتیجے میں 50 نمازی شہید ہوگئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق حملے میں 50 نمازی شہید ہوئےہیں ، رپورٹ کے مطابق غزہ کے الصابرہ محلے میں العماری الکبیر مسجد پر حملے میں درجنوں نمازی زخمی بھی ہوئے۔
دوسری جانب اسرائیلی فوج ایک بار پھر الشفا اسپتال میں داخل ہوگئی، آئی سی یو سمیت دیگر حصوں کی تلاشی لی۔
اسرائیلی حملوں میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 12 ہزار 500 سے تجاوز کر گئی ہے جب کہ برطانوی پارلیمنٹ نے غزہ میں جنگ بندی کو مسترد کر دیا ہے۔
جنگ بندی کی قرارداد سکاٹش نیشنل پارٹی نے پیش کی جس کے حق میں 125 اور مخالفت میں 293 ووٹ آئے۔ 55 لیبر قانون سازوں نے پارٹی پالیسی کے خلاف ووٹ دیا۔
قرارداد منظور نہ ہونے کے بعد لیبر پارٹی میں بغاوت ہوئی اور کئی شیڈو منسٹرز بشمول افضل خان، یاسمین قریشی، ناز شاہ اور خالد محمود نے اپنے عہدوں سے استعفیٰ دے دیا۔
لیبر پارٹی کی غزہ میں فوجی کارروائیوں میں توقف کی قرارداد بھی منظور نہ ہو سکی۔ کئی ارکان نے پارٹی پالیسی کے خلاف ووٹ دیا۔
دوسری جانب غزہ پر اسرائیلی حملوں کے 40 دن بعد اقوام متحدہ میں قرارداد منظور کر لی گئی۔
غزہ پر اسرائیلی حملوں کے 40 روز بعد اقوام متحدہ نے غزہ میں جنگ بند کرنے کی قرارداد منظور کرلی، سلامتی کونسل کے 12 ارکان نے قرارداد کے حق میں ووٹ دیا۔
قرارداد پر ووٹنگ میں امریکا، برطانیہ اور روس نے حصہ نہیں لیا، جنگ بندی کی قرارداد منظور نہ ہوسکی۔
قرارداد میں حماس کی حراست سے یرغمالیوں کی فوری رہائی کا بھی مطالبہ کیا گیا جبکہ سلامتی کونسل میں اس سے قبل کی جانے والی چار کوششیں ناکام ہو چکی ہیں۔
علاوہ ازیں اسرائیل نے سلامتی کونسل کی قرارداد مسترد کر دی، چینی سفیر کا کہنا ہے کہ ہم سب کونسل کے غیر فعال ہونے سے مایوس ہیں۔