کویت اردو نیوز : بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار اور بگ بی کے نام سے مشہور امیتابھ بچن کو آئی سی سی ورلڈ کپ 2023 کا فائنل میچ نہ دیکھنے کی وارننگ موصول ہوئی ہے۔
بھارت نے گزشتہ روز ممبئی کے وانکھڈے کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پہلے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کو 70 رنز سے شکست دے کر آئی سی سی ورلڈ کپ 2023 کے فائنل کیلیے کوالیفائی کر لیا۔
شاہ رخ خان، انوشکا شرما سمیت بالی ووڈ کی کئی مشہور شخصیات نے ورلڈ کپ 2023 کے فائنل میں پہنچنے پر بھارتی ٹیم کو مبارکباد دی، جب کہ امیتابھ بچن کی پوسٹ کے بعد انہیں ورلڈ کپ کا فائنل نہ دیکھنے کی وارننگ ملی۔
امیتابھ بچن نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹویٹر) پر اپنی پوسٹ میں لکھا کہ "جب میں میچ نہیں دیکھتا، تو ہندوستانی ٹیم جیت جاتی ہے”۔
سوشل میڈیا صارفین نے بالی ووڈ بگ بی کی پوسٹ پر تبصروں کی بارش کی اور اداکار کو فائنل نہ دیکھنے کا مشورہ دیا۔
ایک صارف نے ہاتھ جوڑ کر اپیل کی اور کہا کہ جناب براہ کرم فائنل میچ مت دیکھیں۔
ایک اور صارف نے کہا کہ بچن جی! ورلڈ کپ کا فائنل میچ بھول کر بھی نہ دیکھیں۔
امان نامی صارف نے امیتابھ بچن کو دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ اگر آپ ورلڈ کپ فائنل دیکھیں گے تو ہم آپ کا گیم شو ‘کون بنے گا کروڑ پتی’ کبھی نہیں دیکھیں گے۔
کمل کمار نامی صارف نے کہا کہ آپ ورلڈ کپ فائنل نہ دیکھ کر قربانی دیں، پھر ہم مل کر بھارت کی جیت کا جشن منائیں گے۔
ایک صارف نے امیتابھ بچن سے یہاں تک کہا کہ ’’آپ فائنل نہیں دیکھنا ، میں آپ کو ذاتی طور پر میچ کی جھلکیاں بھیج دوں گا‘‘۔