کویت اردو نیوز ، 19 اکتوبر 2023: پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی محمد رضوان کے بعد آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ اسکواڈ میں شامل دیگر قومی کرکٹرز نے بھی فلسطین کے حق میں آواز اٹھانا شروع کر دی ہے۔
سوشل میڈیا سائٹ ایکس پر پوسٹ کی گئی ٹوئٹ میں قومی کرکٹرز نے آواز بلند کی اور فلسطینیوں پر ڈھائے جانے والے مظالم پر اظہار یکجہتی کیا۔ قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کا یہ ردعمل غزہ میں ہسپتال پر ہولناک حملے کے بعد سامنے آیا ہے۔
قومی کرکٹ ٹیم کے نائب کپتان شاداب خان، آل راؤنڈر افتخار احمد، آل راؤنڈر محمد نواز، آل راؤنڈر اسامہ میر،فاسٹ باؤلر حارث رؤف اور وسیم جونیئر نے اپنی ٹویٹ میں فلسطین کے جھنڈے کی تصویر شیئر کی اور فلسطین کے لیے دعائیں کیں ۔
سابق کرکٹر اظہر علی، سابق کپتان شاہد آفریدی ، محمد عامر نے بھی غزہ میں جاری اسرائیلی مظالم پر افسوس کا اظہار کیا۔
اس سے قبل قومی کرکٹر محمد رضوان نے پاکستانی جیت فلسطینیوں کےنام کی تھی۔ جس کے بعد رضوان کو بھارتی صحافیوں نے تنقید کا نشانہ بنایا۔
واضح رہے کہ 17 اکتوبر کی رات اسرائیل نے غزہ کے ایک ہسپتال پر 2008 کے بعد سب سے تباہ کن حملہ کیا تھا۔ اس حملے میں 800 فلسطینی شہید اور سینکڑوں زخمی ہوئےتھے۔