کویت اردو نیوز ، 5 اکتوبر 2023؛ 2023 کا ادب کا نوبل انعام ناروے کے مشہور مصنف جان فوسے کو دیا گیا ہے۔
سٹاک ہوم میں سویڈش کمیٹی نے 64 سالہ مصنف کے نام کا اعلان کرتے ہوئے ان کے تخلیقی تھیٹر ڈراموں اور نثر کی تعریف کی جنہوں نے ان کہی آوازوں کو آواز دی۔
جان فوسے کے ادبی کیریئر کا آغاز 1983 میں ان کے ناول ‘ریڈ، بلیک’ سے ہوا اور انھوں نے درجنوں ڈرامے لکھے جو یورپ میں سب سے زیادہ پیش کیے گئے۔
نوبل انعام یافتہ مصنف کی پرورش ایک ایسے خاندان میں ہوئی جس نے مذہبی تعلیم کے خلاف بغاوت کی اور فوسے نے خود کو لادین کہا، لیکن 2013ء میں کیتھولک مذہب اختیار کر لیا۔
ان کے مشہور ناولوں میں Bathhouse (1989) ہے جسے ادبی ناقدین نے بے حد سراہا جبکہ ان کے ناول ‘میلانکولی 1, 2’ بھی بہت مقبول ہوئے۔
جان فوسے کی سب سے مشہور تصنیف ان کا سوانحی ناول ‘سیپٹولوجی’ ہے جو سات حصوں پر مشتمل ہے اور ساڑھے بارہ سو صفحات پر مشتمل اس ناول میں ایک بھی فل اسٹاپ نہیں ہے۔