کویت اردو نیوز : فضائی حدود میں مبینہ اڑن طشتری کی اطلاع ملنے کے بعد بھارتی فضائیہ کے طیاروں میں کھلبلی مچ گئی۔
منی پور کے امپھال ہوائی اڈے کے قریب ‘نامعلوم فلائنگ آبجیکٹ’ (یو ایف او) کے نظر آنے کی اطلاعات کے بعد ہندوستانی فضائیہ نے اتوار کو فوری طور پر دو رافیل لڑاکا طیارے روانہ کیے تھے۔
اعلیٰ ذرائع نے انڈیا ٹوڈے کو بتایا کہ ہسیمارا ایئر بیس سے لانچ کیے گئے رافیلوں کو کچھ پتہ نہیں چل سکا۔
پہلا طیارہ ایئربیس پر واپس آیا اور دوسرے کو دوبارہ چیک کرنے کے لیے علاقے میں تعینات کیا گیا، لیکن وہ بھی کچھ تلاش کرنے میں ناکام رہا۔
اس کے بعد بھارتی فضائیہ کی مشرقی کمان نے کہا کہ اس نے اپنے فضائی دفاعی نظام کو فعال کر دیا ہے۔
ہندوستانی فضائیہ کی مشرقی کمان نے ٹویٹ کیا، "آئی اے ایف نے امپھال ہوائی اڈے سے بصری معلومات کی بنیاد پر اپنے فضائی دفاعی ردعمل کے طریقہ کار کو فعال کیا۔” اسکے بعد وہ چھوٹی چیز دوبارہ نظر نہیں آئی۔
فضائیہ کے ایک اہلکار نے بتایا کہ شام 4 بجے تک ہوائی اڈے کے مغرب میں اڑن طشتری کھلی آنکھوں سے دکھائی دے رہی تھی ۔
دریں اثنا، منی پور کے امپھال میں بیر ٹیکندرجیت بین الاقوامی ہوائی اڈے پر فلائٹ آپریشن کئی گھنٹوں تک معطل رہا۔