کویت اردو نیوز : بھارتی ریاست اتر پردیش میں دو خواتین کو اپنی ماں کی لاش کے ساتھ ایک سال تک گھر میں رہنے پر حراست میں لے لیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس نے اتر پردیش کے شہر وارانسی کے ایک گھر سے 2 بہنوں 27 سالہ پلوی ترپاٹھی اور 18 سالہ ویشوک ترپاٹھی کو گرفتار کرکے بند کردیا جب کہ گھر سے ان کی والدہ کی ایک سال پرانی لاش بھی ملی ہے ۔
پولیس نے بتایا کہ مردہ خاتون کی شناخت 52 سالہ اوشا ترپاٹھی کے طور پر کی گئی ہے، جو طویل علالت کے بعد دسمبر 2022 میں انتقال کر گئی تھی، لیکن اس کی بیٹیوں نے آخری رسومات ادا نہیں کیں اور لاش کے ساتھ رہ رہی تھیں۔
پولیس کے مطابق دونوں بہنیں 15 روز سے گھر سے باہر نہیں آئیں جس کی وجہ سے پڑوسیوں کو شک ہوا اور انہوں نے تھانے کو اطلاع دی۔ گھر پہنچے تو دونوں بہنیں نیم بے ہوش تھیں۔
بعد ازاں پولیس نے دونوں بہنوں کو طبی اور ذہنی معائنے کے لیے اسپتال بھیج دیا جب کہ لاش کو فرانزک معائنے کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔