کویت اردو نیوز : نائیجیریا میں فوج نے باغیوں کے خلاف آپریشن کے دوران غلطی سے اپنے ہی شہریوں پر ڈرون گرا دیا جس کے نتیجے میں 85 افراد ہلاک اور 60 سے زائد زخمی ہوگئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اس مقام پر مذہبی تقریب جاری تھی جہاں نائیجیرین فوج نے ڈرون کو مار گرایا اور اس میں خواتین اور بچوں سمیت 300 سے زائد افراد موجود تھے۔
الجزیرہ کے مطابق نائیجیرین فوج نے ریاست کدونا کے ایگابی کونسل ایریا کے گاؤں توڈنبیری میں عسکریت پسند باغیوں کے اجلاس کی اطلاعات پر ڈرون حملہ کیا لیکن وہاں میلاد النبی کی تقریب جاری تھی۔
فوج کے ترجمان نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس واقعے کی انکوائری کرائی جائے گی اور یقین دلایا کہ آئندہ ایسا کوئی واقعہ پیش نہیں آئے گا۔
ایمنسٹی انٹرنیشنل نائیجیریا نے دعویٰ کیا ہے کہ حملے میں 120 افراد ہلاک ہوئے جب کہ نیشنل ایمرجنسی مینجمنٹ ایجنسی کے مطابق 85 افراد جاں بحق ہوئے ہیں ۔
خیال رہے کہ فروری 2014 میں نائجیریا کے ایک فوجی طیارے نے بورنو اسٹیٹ میں بم گرایا تھا، جس کے نتیجے میں 20 شہری ہلاک ہوئے تھے، جب کہ ستمبر 2022 میں حادثاتی بم دھماکوں کے کم از کم 14 دستاویزی واقعات ہوئے تھے۔