کویت اردو نیوز : سعودی عرب میں مدینہ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ ‘ٹرانسپورٹ جنرل اتھارٹی کے تعاون سے ‘مدینہ ٹیکسی’ منصوبے کے آغاز کا اعلان کیا گیا ہے۔
عاجل نیوز کے مطابق مدینہ ٹیکسی پروجیکٹ کنگڈم کے وژن 2030 کے اہداف کو مدنظر رکھتے ہوئے ترقیاتی امور کے تحت لاجسٹک خدمات کے شعبے کو بہتر بنانے کے لیے شروع کیا گیا ہے جس کا مقصد صارفین کو بہتر خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔
مدینہ منورہ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ "تجربہ کار مقامی اور بین الاقوامی کمپنیوں نے بھی دلچسپی ظاہر کی ہے جو ٹیکسی سروسز کے شعبے میں سرمایہ کاری کرنے کے لیے تیار ہیں۔”
اتھارٹی کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے درخواستوں کی وصولی کا سلسلہ فروری تک جاری رہے گا۔
اس سے قبل سعودی ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے عازمین حج کو فراہم کی جانے والی بس سروس کی انتظامیہ کو بسوں کی فٹنس کا ہر طرح سے خیال رکھنے کی ہدایت کی ہے۔ ہائی وے پر سفر کرنے سے پہلے ڈرائیوروں کو بس کے ٹائروں کو احتیاط سے چیک کرنا چاہیے۔
اخبار 24 کے مطابق عازمین حج کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلیے ٹرانسپورٹ اتھارٹی نےعازمین کو سفری سہولیات فراہم کرنے والی کمپنیوں کو ہدایات جاری کی ہیں کہ بسوں کے ٹائر مکمل طور پر درست ہونے چاہئیں ۔