کویت اردو نیوز : غزہ سے ہجرت کرنے والے فلسطینیوں پر اسرائیلی فوج نے حملہ کر دیا ، حملے میں متعدد فلسطینی شہید ہوگئے ۔
غزہ پر اسرائیلی فوج کی وحشیانہ بمباری جاری ہے، رفح میں نقل مکانی کے دوران نہتے فلسطینیوں پر حملہ کرکے متعدد افراد کو شہید کردیا گیا۔
نقل مکانی کے دوران اسرائیلی اسنائپرز نے معصوم بچوں اور خواتین سمیت متعدد فلسطینیوں کو بھی شہید کردیا، سڑکوں پر لاشوں کے ڈھیر لگ گئے، فلسطینیوں کی آخری سانسیں لینے کے دردناک مناظر دل دہلا دینے والے تھے۔
صہیونی فوج نے جبالیہ میں اقوام متحدہ کی پناہ گاہ پر بھی حملہ کیا، شمالی غزہ سے فوج کے انخلاء کے بعد اسرائیل نے غزہ پر بمباری تیز کردی اور انتہائی خطرناک بموں کا استعمال کیا۔
24 گھنٹوں میں 120 سے زائد فلسطینی شہید، خان یونس کے علاقے میں گھر پر بمباری سے صلاح خاندان کے 14 افراد شہید اور متعدد زخمی ہوئے، غزہ کے مختلف علاقوں سے بے گھر افراد نے خان یونس کے گھر میں پناہ لی۔
اسرائیلی حملوں میں شہید ہونےوالےفلسطینیوں کی مجموعی تعداد 22 ہزار 313 ہو چکی ہے۔
دوسری جانب جنوبی لبنان کے علاقے نقورا میں اسرائیل نے ایک عمارت پر حملہ کیا، اسرائیلی حملے میں حزب اللہ کے سینئر عہدیدار حسین یزبیک سمیت 9 ارکان شہید ہوگئے۔