کویت اردو نیوز : مصرکی خاتون رکن اسمبلی قانون کے امتحان میں نقل کرتے ہوئے پکڑی گئی
مصر کی ساؤتھ ویلی یونیورسٹی میں نگران خاتون ٹیچر نے قانون کا امتحان دیتے ہوئے رکن پارلیمنٹ کو رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔
العریبیہ کی رپورٹ کے مطابق خاتون رکن پارلیمنٹ ساؤتھ ویلی یونیورسٹی میں فیکلٹی آف لاء کی تھرڈ ایئر کی طالبہ ہیں۔
واقعے کے روز خاتون رکن اسمبلی انتظامی انصاف کے مضمون کا امتحان دے رہی تھیں تاہم نگران خاتون ٹیچر نے خاتون طالبہ کو وائرلیس ہیڈ فون کے ذریعے نقل کرتے ہوئے پکڑ لیا، جس کے بعد ممتحن اور طالبہ وائرلیس ہیڈ فون پر تکرار کرنے لگیں۔
رپورٹ کے مطابق نگران خاتون پروفیسر نے طالب علم رکن پارلیمنٹ سے ہیڈ فون مانگے جس پر طالبہ نے خاتون ٹیچر کو ہیڈ فون دینے سے انکار کر دیا اور بچانے کے لیے آنے والے ممتحن اور اس کے ساتھی سپروائزر کی پٹائی بھی کی۔
بعد میں معلوم ہوا کہ طالبہ مصری پارلیمنٹ کی رکن ہے جس کے خلاف فراڈ کی رپورٹ درج کر کے قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔