کویت اردو نیوز : ایک مختصر لیکن انوکھی تحقیق سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ دن میں تین بار کی بجائے دو بار متوازن غذا کھانے سے جسم میں سوزش کم ہوتی ہے جس سےانسان کئی بیماریوں سےمحفوظ رہ سکتاہے۔
تحقیق کے مطابق ماہرین نے بھوکے رہنے والے افراد کی صحت کا ان لوگوں سے موازنہ کیا جو عام طور پر کھاتے پیتے تھے۔
ماہرین نے 21 صحت مند افراد کو بھرتی کیا اور انہیں 24 گھنٹے میں ایک بار 500 گرام اچھی اور صحت بخش خوراک کھانے اور باقی وقت میں بھوکا رہنے کی ہدایت کی۔
ماہرین نے مذکورہ تمام رضاکاروں کے خون کے ٹیسٹ بھی کیے اور پھر ان کے خون کے ٹیسٹ اور جسمانی صحت کا تین وقت کے کھانے پینے والوں سے موازنہ کیا تو معلوم ہوا کہ بھوکے افراد کے جسم کی تیزابیت کم ہوگئی ہے۔
ماہرین کے مطابق کم خوراک کھانے سے جہاں سوزش کم ہوتی ہے وہیں اس سے ان تمام اعضاء کی صحت بھی بہتر ہوتی ہے جو نظام انہضام میں اہم کردار ادا کرتے ہیں جن میں جگر، گردے، آنتیں و دیگر اعضاء شامل ہیں۔
ماہرین نے کہا کہ جسم میں سوزش کی زیادہ مقدار ذیابیطس سمیت دل اور آنتوں کی کئی بیماریاں لاحق ہونے کے امکانات بڑھا دیتی ہے۔
ماہرین کا کہنا تھا کہ سوزش یا تیزابیت خود بخود امراض میں اضافے میں کردار ادا کرتی ہے، لہٰذا صحت مند رہنے کے لیے کم خوراک کھائیں، بھوکا رہنے کو اپنا معمول بنائیں ۔