کویت اردو نیوز 18 مارچ: پاکستان کی جانب سے کویت کو سرمایہ کاری کے وسیع اور نفع بخش مواقع سے فائدہ اٹھانے کی دعوت دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے آج بروز جمعرات امن ، ترقی اور رابطے پر جغرافیائی اقتصادیات کی طرف ملک کی توجہ مرکوز کرنے پر روشنی ڈالتے ہوئے کویت کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع اور نفع بخش مواقع سے فائدہ اٹھانے کی دعوت دی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیر خارجہ اور کویت کے وزیر مملکت برائے کابینہ امور ڈاکٹر احمد ناصر الصباح سے دفتر خارجہ میں دوطرفہ ملاقات کے دوران کیا۔
وزیر خارجہ قریشی نے اپنے ہم منصب کو چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پی ای سی) کی اقتصادی صلاحیتوں خصوصا "خصوصی اقتصادی زون” کے بارے میں بریف کیا۔
وزارت پہنچنے پر وزیر خارجہ احمد ناصر الصباح جن کے ہمراہ کویتی وزارت خارجہ ، داخلہ ، صحت ، اور تجارت کے اعلی عہدیدار موجود تھے نے خصوصی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے احاطے میں ایک پودا بھی لگایا جو روایت کے مطابق تمام معزز عہدیداران اپنے دوروں کے دوران لگاتے ہیں۔
اس کے بعد دونوں وزرائے خارجہ نے وفد کی سطح پر بات چیت کی۔ وزارت خارجہ کے جاری کردہ ایک پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ وزیر خارجہ قریشی نے کویت کے وزیر خارجہ کی تقرری پر انہیں مبارکباد پیش کی۔
ملاقات کے دوران وزرائے خارجہ نے دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیا جس میں سیاسی ، معاشی ، دفاع ، تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون اور افرادی قوت کی برآمد شامل ہے اور دونوں ممالک کے درمیان عوام سے رابطے بڑھانے کے طریقوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران کثیرالجہتی شعبے میں خاص طور پر اقوام متحدہ اور اسلامی تعاون تنظیم (OIC) میں قریبی تعاون کو جاری رکھنے کے عزم کی تصدیق کی گئی۔
وزیر خارجہ نے کویت کے ساتھ تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید تقویت بخشنے اور متنوع بنانے کے لئے پاکستان کے پختہ عزم کی تصدیق کی۔ حال ہی میں ہونے والی دوطرفہ سیاسی مشاورت (جنوری 2021) پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے باہمی اتفاق رائے سے حاصل کردہ اہداف کے حصول کے لئے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
مشترکہ وزارتی کمیشن کا اگلا (پانچواں) اجلاس جلد از جلد بلانے پر اتفاق کرتے ہوئے دوطرفہ تجارت کو فروغ دینے کے لئے پاکستان اور کویت کے مابین سفری سہولیات کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا اس سلسلے میں دونوں فریقوں نے مستقبل قریب میں ٹھوس نتائج حاصل کرنے کا عزم کیا۔
کویت کے وزیر خارجہ نے کویت کی ترقی میں ایک لاکھ سے زیادہ تارکین وطن پاکستانیوں کی مثبت شراکت کو سراہا۔ انہوں نے عالمی وبائی حالت کے دوران خاص طور پر صحت کے شعبے اور کویت کی فوڈ سیکیورٹی کے دوران تعاون پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے انہیں پاکستان کے تعاون کے ہمیشہ جاری رہنے کی یقین دہانی کرائی۔ دونوں وزرائے خارجہ نے علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
ملاقات کے دوران اہم موضوعات پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ قریشی نے اپنے ہم منصب کو بھارت کے غیرقانونی مقبوضہ جموں وکشمیر (آئی او او جے کے) کی صورتحال خصوصا انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور مقبوضہ علاقے کے آبادیاتی ڈھانچے کو تبدیل کرنے کی کوششوں سے بھی آگاہ کیا۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق جموں و کشمیر تنازعہ کا پرامن حل جنوبی ایشیاء میں پائیدار امن اور سلامتی کے لئے اہم ہے۔
وزیر خارجہ نے افغان امن عمل کی حمایت میں پاکستان کی کوششوں کے بارے میں بھی بریف کیا اور اس بات پر زور دیا کہ افغان جماعتوں کو ایک جامع ، وسیع البنیاد سیاسی تصفیہ کو محفوظ بنانے کے لئے اس تاریخی موقع سے فائدہ اٹھانا ہوگا۔
وزیر خارجہ قریشی نے علاقائی امن اور ہم آہنگی کو فروغ دینے میں کویت کی قیادت کے کردار کو تسلیم کیا خاص طور پر عزت مآب امیر الکویت کی کاوشوں کو سراہا جنہوں نے خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) کے ممبر ممالک کے درمیان اختلافات کو دور کرنے میں مدد فراہم کی۔
کویتی وزیر خارجہ نے تمام کوششوں کے لئے پاکستان کی حمایت کی توثیق کی جس کا مقصد امت مسلمہ کے اندر یکجہتی اور اتحاد کو بڑھانا ہے۔
کویت کے وزیر خارجہ پاکستانی وزیر خارجہ مخدوم شاہ قریشی کی دعوت پر پاکستان کے دو روزہ دورے پر آئے ہیں جہاں وہ پاکستان کی قیادت سے ملاقات کریں گے اور ان کے ہمراہ سینئر حکام پاکستان میں اپنے اپنے ہم منصبوں سے ملاقات کریں گے۔