کویت اردو نیوز 28 اگست: دبئی میں دنیا کے سب سے بڑے اور اونچے فیرس وہیل کے ٹکٹوں کی قیمت متعین کردی گئی۔
تفصیلات کے مطابق دنیا کا سب سے بڑا اور سب سے اونچا فیرس وہیل "عین دبئی” زائرین کے لئے 21 اکتوبر کو کھلنے کے لیے تیار ہے جس کی ٹکٹ کی بکنگ زائرین کے لیے دستیاب ہیں۔ خوبصورت تجربات حاصل کرنے کے بہت سے پرکشش اختیارات ہیں جن میں سب سے خصوصی پرائیویٹ کیبن ہیں اس کے علاوہ منگنی، شادی ، سالگرہ ، کاروباری تقریبات اور بہت کچھ کے لیے جشن منانے کے منفرد پیکجز بھی دستیاب ہیں۔ عین دبئی ویب سائٹ کے مطابق جوڑے مشہور دبئی اسکائی لائن
سے 250 میٹر کی بلندی پر رشتہ ازدواج میں منسلک ہو سکتے ہیں جبکہ 10 مہمانوں کے لیے پریمیم ، ایئر کنڈیشنڈ کیبن میں 360 ڈگری روٹیشن کے ساتھ ان لمحات کو مزید خوبصورت بنا سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کا کہنا ہے کہ پھولوں اور موم بتیوں سے بھرے خوبصورتی سے سجے ہوئے کیبن کے علاوہ اپنے لمحوں کو مزید خوبصورت کرنے کے لیے موسیقی کا انتخاب بھی کرسکتے ہیں۔
حکومت دبئی میڈیا آفس نے اس سے قبل ایک پریس بیان میں کہا تھا کہ "نجی کیبن کو ہر قسم کے پروگراموں کو پورا کرنے کے لیے اپنی مرضی کے مطابق بنایا جا سکتا ہے مثلاً نجی تقریبات سے لے کر ثقافتی تہواروں اور خصوصی مہمانوں کے استقبال کے لئے نجی کیبنز استعمال کئے جاسکتے ہیں۔ پرائیویٹ کیبنز کی قیمتیں 1800 درہم سے شروع ہوتی ہیں۔
عین دبئی اب دنیا کے پرکشش مقامات بالخصوص دبئی کے مشہور مقامات کی طویل فہرست میں شامل ہونے کا اعزاز رکھتا ہے۔ یہ 19 حسب ضرورت تجربات فراہم کرتا ہے۔ نجی کیبن کے علاوہ فیرس وہیل میں مشاہدہ بھی کیا جاسکتا ہے۔ دبئی کو اونچائی سے دیکھنے اور خوبصورتی کا مشاہدہ کرنے کا تجربہ 38 منٹ دورانیے کا ہے۔ ایک ٹکٹ فی شخص 130درہم سے شروع ہوتی ہے جبکہ دو بالغ افراد اور دو بچوں کے لیے فیملی پاس پیکج کی قیمت 370 درہم ہے جبکہ مشروبات پر مشتمل کیبن کی ٹکٹ کی قیمتیں 175 درہم سے شروع ہوتی ہیں۔