کویت اردو نیوز : معروف بھارتی کامیڈین اور سوشل میڈیا سٹار منور فاروقی نے رئیلٹی شو ’’بگ باس‘‘ کے سیزن 17 میں نماز ادا کرکے اپنے لاکھوں مداحوں کے دل جیت لیے۔
منور فاروقی کا شمار بھارت کے مشہور اسٹینڈ اپ کامیڈینز میں ہوتا ہے، وہ بھارت سمیت پوری دنیا میں بہت مقبول ہیں اور ان دنوں وہ بھارت کے مقبول ترین رئیلٹی شو ’بگ باس‘ کے سیزن 17 میں ایک مدمقابل کے طور پر نظر آ رہے ہیں۔
اب بگ باس کی حالیہ قسط کا ایک مختصر ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے جس میں منور فاروقی نے لاکھوں مسلمانوں کو سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔
وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جب نماز کا وقت ہوتا ہے تو منور فاروقی اپنے تمام کام چھوڑ کر ٹوپی پہن کر نماز پڑھ کر روانہ ہونے لگتے ہیں۔ وہ کہتے ہیں، "میں نماز کے بعد بات کرتا ہوں ، میں نے اپنا سارا کام کرلیا ہے۔”
منور فاروقی کے مداح اس ویڈیو کو دیکھ کر بے حد خوش ہیں اور سوشل میڈیا پر ان کے لیے پیار بھرے تبصرے کر رہے ہیں۔
یاد رہے کہ ہر سال بگ باس میں مسلم امیدوار بھی شرکت کرتے ہیں، تاہم کبھی کسی کی عبادت کیمرے کے سامنے نہیں دکھائی گئی، اب منور فاروقی کی ویڈیو نے مداحوں کے دل جیت لیے ہیں۔
واضح رہے کہ منور فاروقی کو یکم جنوری 2021 کو اندور پولیس نے چار دیگر افراد کے ساتھ گرفتار کیا تھا جن پر مبینہ طور پر ہندو دیوتاؤں اور وزیر داخلہ امت شاہ کی توہین کا الزام تھا۔