کویت اردو نیوز ، 3 اکتوبر 2023: بھارت کے شہر حیدرآباد میں پولیس نے 1 لاکھ 30 ہزار کا گم ہونے والا طوطا آخرکار ڈھونڈ لیا اور اس کو مالک کے حوالے کر دیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق حیدرآباد کے جوبلی ہل اسٹیشن کی حدود میں گم ہونے والے ایک مہنگے ترین طوطے کو پولیس نے ایک ہی دن کے اندر اندر بازیاب کروا لیا اور طوطے کو اس کے حقیقی مالک کے حوالے کر دیا۔
پولیس حکام کے مطابق جوبلی ہلز میں کافی شاپ چلانے والے رہائشی نریندر چاری نے 4 ماہ کا آسٹریلوی نسل کا طوطا ایک لاکھ 30 ہزار روپے میں خریدا تھا، تاہم 22 ستمبر کو کھانا کھلانے کے دوران طوطا پنجرے سے اڑ کر چلا گیا۔
24 ستمبر کو نریندر چاری نے جوبلی ہلز پولیس میں شکایت درج کروائی، اور طوطے کی ایک تصویر بھی پولیس کو دے دی، پولیس نے یہ تصویر مقامی جانوروں اور پرندوں کے ڈیلرز کو بھیج دی۔
رپورٹس میں بتایا گیا کہ پولیس کو اطلاع موصول ہوئی کہ ایراگڈہ میں ایک شخص نے اس طوطے کو 30 ہزار میں فروخت کیا ہے، پھر اُس آدمی نے ایک اور شخص کو یہ طوطا 50 ہزار روپے میں فروخت کر دیا ہے، خریدنے والے شخص نے بھی واٹس ایپ اسٹیٹس پر تصویر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس طوطے کو 70 ہزار میں بیچنا چاہتا ہے۔
لیکن جوبلی ہلز میں پالتو جانوروں کی دکان کے منیجر نے پولیس کو اطلاع دیدی، پولیس نے اس شخص کا پتا معلوم کر کے طوطا قبضے میں لے لیا اور نریندر چاری کے حوالے کر دیا ہے۔