کویت اردو نیوز ، 11 اکتوبر 2023: اسرائیل فلسطین تنازعہ ایک دیرینہ اور پیچیدہ مسئلہ رہا ہے جس میں وقتاً فوقتاً جنگ کا ماحول رہاہے، اور حالیہ جھڑپوں میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد تقریباً 1000 تک پہنچ گئی ہے کیونکہ اسرائیلی فورسز نے فاسفورس بموں کی بمباری جاری رکھی ہے ۔
فلسطین کے دفتر خارجہ نے کہا کہ یہودی افواج کے حملوں میں 250 سے زائد بچے اور 200 خواتین شہید ہوئیں ہیں جب کہ ہزاروں شدید زخمیوں کا علاج کیا جا رہا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیل نے غزہ کے علاقوں پر فاسفورس ہتھیاروں کا استعمال کیا ہے ، 8 ہیلتھ ورکرز کو بے دردی سے شہیدکر دیا گیا ہے جبکہ ایک درجن سے زیادہ ہیلتھ ورکرز زخمی ہوئے ہیں ۔
ٹوئٹر پر ایک بیان میں فلسطین نے کہا کہ قابض افواج فلسطینیوں کے خلاف بین الاقوامی سطح پر ممنوعہ سفید فاسفورس بم استعمال کر رہی ہیں۔ یورپی آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کے چیف نے آن لائن ایک کلپ شیئر کیا جس میں اسرائیل کی بربریت کو دکھایا گیا ہے۔
یہ پہلا موقع نہیں ہے جب اسرائیل نے ماضی کے تنازعات کے دوران غزہ میں سفید فاسفورس بموں کا استعمال کیا ہو ۔
تل ابیب نے امریکہ اور دیگر ممالک کی حمایت حاصل کرنے کے بعد غزہ پر اپنی جارحیت مزید تیز کر دی ہے اور اس کےگنجان آباد علاقوں کو مسلسل حملوں کا نشانہ بنایا جا رہا ہے ، بمباری کے بعد رہائشی عمارتیں، فیکٹریاں اور تجارتی علاقے بری طرح متاثر ہوئے ہیں ۔