کویت اردو نیوز ، 15 اکتوبر 2023: لبنانی تنظیم حزب اللہ نے اسرائیلی اہداف پر میزائل حملے کیے ہیں جس کے نتیجے میں ایک اسرائیلی ہلاک اور تین زخمی ہو گئے ہیں۔
لبنانی میڈیا رپورٹس کے مطابق حزب اللہ نے اسرائیل کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی ہیں اور اسرائیلی اہداف پر مزید میزائل حملے شروع کر دیے ہیں۔
حزب اللہ کے میزائل حملوں میں ایک اسرائیلی ہلاک اور تین زخمی ہو گئے اور ایک اسرائیلی انٹیلی جنس سٹیشن بھی تباہ ہو گیا۔
حزب اللہ نے لبنان میں قائم اسرائیلی فوجی چوکی اور اسرائیلی بارڈ پر بھی اپنا جھنڈا لہرا دیا ہے۔
حزب اللہ کی جانب سے جاری بیان میں اس بات کی بھی تصدیق کی گئی ہے کہ الرحب کے مقام پر اسرائیلی مرکاوا ٹینک کو گائیڈڈ میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا اور وہاں جانی نقصان ہوا۔
دوسری جانب اسرائیلی ڈیفنس فورسز (آئی ڈی ایف) کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ لبنان کی جانب سے شمالی سرحد پر تعینات ہمارے فوجیوں پر ٹینک شکن میزائل داغا گیا ہے۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان نے دعویٰ کیا کہ ایران اور شام حزب اللہ کو حملوں کے لیے اکسا رہے ہیں۔