کویت اردو نیوز : انڈونیشیا نے امریکا، چین، آسٹریلیا، جرمنی، بھارت، جنوبی کوریا،برطانیہ اور فرانس سمیت 20 ممالک کے شہریوں کو بغیر ویزے کے ملک میں داخلے کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق انڈونیشیا کے وزیر سیاحت نے جمعرات کو کہا کہ ان کی حکومت ایک ماہ کے اندر ویزا فری داخلے کے حوالے سے اقدامات کو حتمی شکل دے گی۔
یہ اقدامات انڈونیشیا کی جانب سے اپنے سیاحت کے شعبے کو ترقی دینے اور معیشت کو بہتر بنانے کے لیے اٹھائے جا رہے ہیں۔
انڈونیشیا کے وزیر سیاحت سانڈیاگا اونو کے مطابق ان کے صدر نے حکومت کو ہدایت کی ہے کہ وہ 20 ممالک کے شہریوں کو ویزا فری انٹری دینے پر غور کرے کیوں کہ اس سے ملک میں سرمایہ کاری بڑھے گی، سیاحت کو فائدہ پہنچے گا اور معیشت کو فروغ ملے گا اور اس میں بہتری آئے گی ۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق دنیا بھر میں کورونا وائرس کے پھیلنے سے قبل 2019 میں تقریباً 1.6 ملین غیر ملکی انڈونیشیا آئے تھے۔
رواں سال جنوری سے اکتوبر تک انڈونیشیا آنے والے غیر ملکیوں کی تعداد تقریباً 94 لاکھ 90 ہزار تھی۔
حال ہی میں جنوب مشرقی خطے کے کئی ممالک ملائیشیا اور تھائی لینڈ نے غیر ملکیوں کے لیے ویزا فری داخلے کا اعلان کیا ہے۔