کویت اردو نیوز : اسرائیل سے ایک ٹرک میں 80 فلسطینیوں کی لاشیں برآمد ہوئیں ہیں ۔
غزہ میں اسرائیل کے گھناؤنے جرائم کا سلسلہ جاری ہے اور میڈیا رپورٹس بتا رہی ہیں کہ اسرائیل سے ٹرک میں 80 فلسطینیوں کی لاشیں جنوبی غزہ لائی گئیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق غزہ کے شہر رفح میں 80 فلسطینیوں کی لاشوں کو اجتماعی سپرد خاک کر دیا گیا۔
فلسطینی حکام کا کہنا ہے کہ لاشوں کی بے حرمتی کی گئی، لاشوں سے اعضاء بھی چرائے گئے جب کہ یہ لاشیں کن فلسطینیوں کی ہیں اور یہ تمام افراد کیسے مرے اس بارے میں کچھ نہیں بتایا گیا۔
دوسری جانب گزشتہ 24 گھنٹوں میں اسرائیلی فوج نے غزہ کے رہائشی علاقوں پر 100 سے زائد حملے کرکے 240 سے زائد فلسطینیوں کو شہید کردیا۔
خان یونس میں بے گھر فلسطینیوں کی پناہ گاہ فلسطینی ہلال احمر کے ہیڈ کوارٹر پر بھی بمباری کی گئی۔ اسرائیلی بمباری سے ہلال احمر کے ہیڈ کوارٹر میں متعدد افراد کی شہادتوں کی بھی اطلاعات ہیں۔
اس کے علاوہ اسرائیلی جارحانہ حملوں کے جواب میں فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کی جانب سے بھی جوابی کارروائی کا سلسلہ جاری ہے، اسرائیلی فوج نے مزید 2 فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق کردی۔
واضح رہے کہ 7 اکتوبر سے اب تک وحشیانہ اسرائیلی بمباری سے 20 ہزار 977 سے زائد فلسطینی شہید جب کہ 54 ہزار 536 افراد زخمی ہو چکے ہیں، شہداء اور زخمیوں میں نصف سے زائد صرف بچے اور خواتین ہیں۔