کویت اردو نیوز 07 نومبر: وبائی مرض کوویڈ19 پھیلاؤ کے تقریباً ڈھائی سال کے سخت قوانین اور احتیاطی تدابیر کے بعد آخرکار متحدہ عرب امارات کی حکومت نے اتوار کو تمام پابندیوں کو ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے جو اس نے وبائی امراض کے دوران ملک اور اس کے باشندوں کو محفوظ رکھنے کے لیے لگائی تھیں۔
ماسک پہننے کے قوانین میں مزید نرمی کر دی گئی ہے۔ صحت کے حکام نے اعلان کیا کہ عبادت گاہوں اور مساجد سمیت تمام کھلی اور بند جگہوں میں ماسک اختیاری ہوں گے تاہم لوگوں کے لیے صحت مراکز اور اس متعلقہ دیگر سہولیات والی جگہوں میں ماسک پہننا لازمی ہوگا۔ مساجد اور نماز کی سہولیات میں ذاتی چٹائیوں پر نماز پڑھنا اختیاری ہوگا۔
حکومتی ترجمان نے ورچوئل بریفنگ میں پابندیوں میں نرمی کے دوسرے مرحلے کا اعلان کیا۔ عہدیدار نے نوٹ کیا کہ ملک میں وبائی امراض کی صورتحال کا بغور مطالعہ کرنے کے بعد نرمی کے دوسرے مرحلے کی منظوری دی گئی ہے جبکہ اسپتالوں میں داخلے کی شرحوں میں کمی اور کوویڈ 19 سے متاثرہ کیسوں کی انتہائی نگہداشت 300 سے نیچے آچکے ہیں۔
نئی نرمی پیر (آج) 7 نومبر کو صبح 6 بجے سے فعال ہو چکی ہے جبکہ الحسن کی ایپلی کیشن اب ویکسی نیشن کے ثبوت اور ملک کے اندر اور باہر پی سی آر ٹیسٹ کے نتائج تک محدود رہے گی لہٰذا الحسن ایپلی کیشن پر گرین پاس کو عوامی سہولیات اور سائٹس میں داخل ہونے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
نیشنل ایمرجنسی کرائسز اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این سی ای ایم اے) نے اعلان کیا کہ مثبت کیسوں کے لیے پانچ دن کے قرنطین کی مدت برقرار رہے گی اور یہ کہ کوویڈ19 پی سی آر ٹیسٹنگ اور صحت کی سہولیات اب بھی کام کرتی رہیں گی۔
قومی اور مقامی سطح پر کھیلوں کے مقابلوں اور سرگرمیوں کے لیے تنظیمی ادارے سرگرمی کی نوعیت یا اہمیت اور اس کی تاثیر کے مطابق قبل از وقت ٹیسٹ یا ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ کی درخواست کر سکتے ہیں۔