کویت اردو نیوز 25 جون: کھانا پکانے کیلئے استعمال ہونے والا تیل ہر گھر کی بنیادی ضرورت ہے اس کیلیے اس بات کا خیال رکھنا لازمی ہے کہ کون سا کوکنگ آئل حفظان صحت کیلئے مفید یا مضر صحت ہے۔
غیر معیاری کوکنگ آئل میں وہ اجزاء شامل ہوتے ہیں جن میں جراثیم شامل ہونے کا خطرہ بڑی حد تک ہوتا ہے جو کینسر سمیت دیگر امراض کا باعث بنتا ہے۔
اس حوالے سے اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں ماہر غذائیت ڈاکٹر عائشہ عباس نے شرکت کی اور ناظرین کو تیل کے استعمال سے متعلق مفید اور اہم مشورے دیئے۔
انہوں نے بتایا کہ بد قسمتی سے ہمارے دسترخوانوں میں بہت ہی کم پکوان ایسے ہوتے ہیں جن میں تیل کا استعمال کم کیا جاتا ہے، اس کیلئے عوام کو اس بات سے آگاہ ہونا ضروری ہے کہ تیل کا زیادہ استعمال انتہائی مضر صحت ہے۔
ڈاکٹر عائشہ عباس کا کہنا تھا کہ کوشش کرنی چاہیے کہ کسی بھی چیز کو ڈیپ فرائی کے بجائے بہت کم تیل میں پکایا جائے اور اس کا متبادل طریقہ اختیار کیا جائے کڑھائی یا گہرے فرائینگ پین کے بجائے پھیلے ہوئے برتن میں فرائی کریں تاکہ تیل کم سے کم استعمال ہو۔
انہوں نے بتایا کہ کھانوں میں تڑکا لگانے کیلیے ان اجزاء کو بھون کر بھی ڈالا جاسکتا ہے، اس سے غذایت میں بالکل بھی کمی نہیں آئے گی۔ کسی بھی کھانے میں ایک کپ بجائے ایک سے دو چمچ تیل ڈالا جائے۔ تیل کا استعمال جتنا کم ہوگا اس سے بیماریوں سے بچاؤ کا امکان بھی زیادہ ہوگا۔