کویت اردو نیوز ، 3 اکتوبر 2023: مدھیہ پردیش کے شہر اجین میں عصمت دری کے افسوسناک واقعے میں ملوث ملزم کے والد نے عدالت سے اپنے بیٹے کو پھانسی دینے کا مطالبہ کیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق پورے بھارت کو ہلا کر رکھ دینے والے ’اجین ریپ کیس‘ میں ملوث رکشہ ڈرائیور بھرت سونی کے والد راجو سونی نے شرمندگی کا اظہار کرتے ہوئے اپنے بیٹے کو سزائے موت دینے کا مطالبہ کیا ہے۔
گزشتہ ہفتے اجین میں ایک 12 سالہ لڑکی کو ایک آٹو ڈرائیور نے جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد زخمی حالت میں چھوڑ دیا تھا۔
لڑکی کو زیادتی کا نشانہ بنانے والے بھرت سونی کے والد نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ لڑکی میری بیٹی بھی ہو سکتی تھی، ہم شرم سے باہر نہیں نکل سکتے، مجھے کچھ سمجھ نہیں آرہا کہ اس صورت حال میں کیا کروں؟ میں اپنے بیٹے کی جگہ ہوتا، جرم بھی مان لیتا اور سزا بھی قبول کرتا۔
راجو سونی نے جمعرات کو اجین عصمت دری کیس میں گرفتار اپنے بیٹے بھرت سونی کو سزائے موت دینے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ "یہ ایک شرمناک فعل ہے۔
میں اپنے بیٹے کو دیکھنے نہ ہسپتال گیا ہوں اور میں پولیس اسٹیشن یا عدالت بھی نہیں جاؤں گا۔ میرے بیٹے نے جرم کیا ہے، اس لیے اسے پھانسی دی جانی چاہیے”۔
دریں اثنا، اجین بار کونسل کے صدر اشوک یادو نے وکلاء سے اپیل کی کہ اس واقعہ سے مندر شہر کی ساکھ کو نقصان پہنچا ہے، اس لیے وہ ملزم کا مقدمہ نہ لڑیں۔