کویت اردو نیوز ،18 اکتوبر 2023: ورلڈ کپ 2023 کے تحت 20 اکتوبر کو شیڈول پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان میچ سے دو روز قبل بھارت کے شہر بنگلورو کے تجارتی مرکز میں دھماکہ ہوا ہے۔ پاکستانی کرکٹ ٹیم بھی ان دنوں بنگلورومیں ہی موجود ہے۔
احمد آباد میں پاکستان اور بھارت کے درمیان 5 اکتوبر کو ہونے والے میچ سے قبل، بھارتی میڈیا نے رپورٹ کیا کہ دہشت گردی کا الرٹ جاری کر دیا گیا تھا، جس کے بعد احمد آباد سٹیڈیم اور اس کے اطراف میں سکیورٹی بڑھا دی گئی تھی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق دھماکا بنگلورو میں 4 منزلہ عمارت میں ہوا جس کے نتیجے میں عمارت میں آگ بھڑک اٹھی اور فوری طور پر پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
ابتدائی اطلاعات میں کہا گیا ہے کہ دھماکہ عمارت کی چھت پر واقع ’’مڈ پائپ‘‘ نامی کیفے میں گیس سلنڈر پھٹنے سے ہوا۔ دھماکے کے نتیجے میں 2 افراد زخمی بھی ہوئے۔
دھماکے کے بعد ایک شخص نے اپنی جان بچانے کے لیے عمارت سے چھلانگ لگا دی جو کہ اب ہسپتال میں داخل ہے۔ فائر بریگیڈ نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پالیا۔ ذرائع کے مطابق ابھی تک کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔
ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل آف پولیس (اے ڈی جی پی) فائر اینڈ سروسز، پی ہریشکرن نے کہا کہ "ایک کیفے میں چار سے پانچ سے زیادہ سلنڈر پھٹ گئے جس کی وجہ سے آگ لگ گئی۔ سلنڈر پھٹ گئے اور ٹکڑے ٹکڑے ہو گئے۔