کویت اردو نیوز 30 ستمبر: پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے آج لاہور میں انگلینڈ کے خلاف چھٹے ٹی ٹوئنٹی میں میچ میں 6-169 رنز بنا کر بھارتی کرکٹ اسٹار ویرات کوہلی کا کرکٹ کے مختصر ترین فارمیٹ میں تیز ترین 3,000 رنز بنانے کا ریکارڈ برابر کر دیا۔
پاکستانی کپتان جنہوں نے اپنی 27 ویں نصف سنچری کے لیے 59 گیندوں پر ناقابل شکست 87 رنز بنائے، 81 اننگز میں 3,000 ٹی 20 رنز تک پہنچ گئے ہیں۔ کپتان بابر اعظم نے شاندار 59 گیندوں پر 87 رنز کی اننگ کھیلی ان کی اننگز میں سات چوکے اور تین بلند و بالا چھکے شامل تھے۔
بابر اعظم اس اننگز کے ساتھ ہی تیز ترین تین ہزار رنز بنانے والے کھلاڑی بن گئے ہیں انہوں نے یہ اعزاز کیریئر کی 81ویں اننگز میں حاصل کیا۔
بھارتی بلے باز ویرات کوہلی نے بھی کیریئر کی 81ویں اننگز میں 3 ہزار بنائے تھے جبکہ روہت شرما کو 108 میچوں کا سہارا لینا پڑا تھا۔
کیوی اوپنر مارٹن گپٹل نے 101 اننگز میں 3 ہزار بنائے ہیں، آئرلینڈ کے پال اسٹرلنگ بھی 113 اننگ کھیل کر اتنے ہی رنز بناچکے ہیں۔
بابر اعظم نے تین چھکے اور سات چوکے لگائے اور افتخار احمد (31) کے ساتھ چوتھی وکٹ کے لیے 48 اور حیدر علی (18) کے ساتھ تیسری وکٹ کے لیے 47 رنز جوڑے۔ سیم کرن (2-26) اور ڈیوڈ ولی (2-32) انگلینڈ کے کامیاب گیند باز رہے۔
سات میچوں کی سیریز میں 3-2 کی برتری حاصل کرنے والے پاکستان نے 21 سالہ وکٹ کیپر/بیٹسمین محمد حارث کو ٹی ٹوئنٹی ڈیبیو کیا اور محمد رضوان کو آرام دیا۔ فاسٹ باؤلر حارث رؤف کو بھی آرام دیا گیا جس سے شاہنواز دہانی کی راہ ہموار ہو گئی۔ انگلینڈ نے مارک ووڈ اور کرس ووکس کی تیز رفتار جوڑی کو آرام دے کر ریس ٹوپلے اور گلیسن کو شامل کیا۔ یاد رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان آخری میچ اتوار کو لاہور میں کھیلا جائے گا۔