کویت اردو نیوز : 19 نومبر کو بھارت کے شہر احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں ہونے والے ورلڈ کپ 2023 کے فائنل میں آسٹریلیا نے بھارت کو شکست دے کر عالمی ٹائٹل اپنے نام کیا تھا لیکن 21 نومبر تک کچھ پاکستانیوں نے اس اعزاز کو اپنے نام کر لیا تھا۔
آسٹریلیا کی جیت کے بعد 21 نومبر 2023 سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم "X” پر ایک خط وائرل ہونا شروع ہو گیا۔
یہ خط مبینہ طور پر آسٹریلوی کرکٹ بورڈ "کرکٹ آسٹریلیا” کے چیئرمین مائیک بیئرڈ اور سی ای اور نک ہیلی نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کےچیئرمین اور سابق وزیراعظم آف پاکستان عمران خان کولکھاتھا۔
خط کے متن میں پاکستان کے سابق وزیر اعظم عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ‘ہم نے آپ کے ٹیلنٹ سے بہت کچھ سیکھا ہے اور یہ ہمارے لیے بڑے اعزاز کی بات ہے’۔
خط میں یہ بھی کہا گیا کہ ‘ہم اس ٹرافی کو آپ (عمران خان ) کے نام کرتے ہیں اور آپ کو میڈل آف دی آرڈر آف آسٹریلیا (آسٹریلیا کا اعلیٰ ترین شہری اعزاز) پیش کرنے کیلیے بطور مہمان خصوصی آسٹریلیا تشریف لانے کی دعوت دیتے ہیں۔
اس خط کو شیئر کرنے والے تقریباً تمام اکاؤنٹس ایک مخصوص سیاسی جماعت سے تعلق رکھتے ہیں۔
تاہم یہ خط جعلی معلوم ہوتا ہے کیوں کہ جب کرکٹ آسٹریلیا کے سوشل میڈیا پیجز اور ویب سائٹ کو خط کی صداقت معلوم کرنے کے لیے چیک کیا گیا تو وہاں اس قسم کا کوئی خط نہیں ملا اور نہ ہی آسٹریلین ہائی کمیشن کی طرف سے اس طرح کا کوئی خط موجود تھا۔ لیذا خط کی کوئی تصدیق نہیں ہو سکی ۔