کویت اردو نیوز : ایک نئی تحقیق سے پتہ چلتا ہے کہ صبح کے وقت گڈ مارننگ جیسے الفاظ کا تبادلہ اور لوگوں (خاص طور پر اجنبیوں) کے ساتھ کچھ دوستانہ گفتگو آپ کی ذاتی بھلائی کے لیے فائدہ مند ثابت ہوسکتی ہے۔
جرنل سوشل سائیکالوجی اینڈ پرسنالٹی سائنس میں شائع ہونے والی ایک تحقیق میں محققین نے 60,000 افراد کے رویوں کا جائزہ لیا (جن میں سے 40,000 کا تعلق برطانیہ سے تھا)۔
تحقیق سے ثابت ہوا ہے کہ ‘کبھی کبھار گفتگو، مہربان الفاظ کا تبادلہ اور اظہار تشکر’ سے تعلق کا احساس قائم کرکے ذہنی اور جسمانی تندرستی میں اضافہ ہوسکتا ہے۔
یہ تحقیق ترکی کی سبانجی یونیورسٹی سے اسرا ایسجیگل کی رہنمائی میں کی گئی جس میں برطانیہ کی یونیورسٹی آف سسیکس کے محققین نے شرکت کی۔
تحقیق میں شرکاء کے دو گروپس سے کچھ سوالات پوچھے گئے۔ ان سوالات میں پوچھا گیا کہ انہوں نے گزشتہ سات دنوں میں کتنے اجنبیوں سے بات کرنا شروع کی۔ اور ساتھ ہی ان سے ان کی زندگی سے مطمئن ہونے کے بارے میں پوچھا گیا۔
نتائج کے مطابق اجنبیوں کے ساتھ زیادہ گفتگو کرنے والے افراد اپنی زندگی سے زیادہ مطمئن نظر آئے۔
ڈاکٹر اسرا ایسجیگل کہتی ہیں کہ تعلق کا احساس یہ محسوس کرنا ہے کہ دوسرے آپ کو قبول کرتے ہیں اور آپ کی قدر کرتے ہیں۔ اس چیز کو اکثر بنیادی انسانی ضرورت قرار دیا جاتا ہے۔