کویت اردو نیوز : ہائی بلڈ پریشر کے اکثر مریض اس بات سے لاعلم ہوتے ہیں کہ وہ اس مرض میں مبتلا ہیں اور اسی لیے اسے خاموش قاتل بھی کہا جاتا ہے۔
ہائی بلڈ پریشر کئی وجوہات سے متاثر ہو سکتا ہے جیسے نمک کا زیادہ استعمال، دل اور خون کی شریانوں پر زیادہ دباؤ، بے چینی اور غصہ۔
لیکن اچھی بات یہ ہے کہ آپ ایک ایسی چیز سے اس جان لیوا مرض سے بچ سکتے ہیں جو آپ کے کچن میں تقریباً ہر وقت موجود رہتی ہے۔
جی ہاں، دن میں صرف ایک ٹماٹر کھانے سے آپ خود کو ہائی بلڈ پریشر سے بچا سکتے ہیں۔
یہ بات سپین میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔ انسٹی ٹیوٹ فار ریسرچ آن نیوٹریشن اینڈ فوڈ سیفٹی کی اس تحقیق میں بتایا گیا کہ ٹماٹر پوٹاشیم اور اینٹی آکسیڈنٹس سے بھرپور ہونے کی وجہ سے دل کی صحت کے لیے مفید ہے۔
اس تحقیق میں 55 سے 80 سال کی عمر کے 7000 سے زائد افراد کو شامل کیا گیا۔ ان افراد کی صحت کا 3 سال تک جائزہ لیا گیا۔
تحقیق میں شامل 82 فیصد لوگ پہلے ہی ہائی بلڈ پریشر کے مریض تھے۔ ان افراد کو ان کے بلڈ پریشر کے اسکور کی بنیاد پر 4 گروپوں میں تقسیم کیا گیا تھا، ایک گروپ صحت مند افراد پر مشتمل تھا اور دوسرے تین گروپس جو ہائی بلڈ پریشر کے مریضوں پر مشتمل تھے۔
تحقیق کےدوران ان افراد سےغذائی عادات اورجسمانی سرگرمیوں کی تفصیلات حاصل کی گئی تھیں ۔
نتائج سے پتہ چلتا ہے کہ روزانہ ایک بڑا ٹماٹر کھانے سے ہائی بلڈ پریشر کا خطرہ 36 فیصد کم ہو جاتا ہے۔
محققین نے کہا کہ ٹماٹر دنیا بھر میں سب سے زیادہ کھائی جانے والی سبزیوں میں سے ایک ہے اور بہت سے پکوانوں میں ایک اہم جزو ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ٹماٹر کو خوراک کا حصہ بنانے سے ہائی بلڈ پریشر کو روکنے یا کنٹرول کرنے میں مدد ملتی ہے۔
اس تحقیق کے نتائج یورپی جرنل آف پریونٹیو کارڈیالوجی میں شائع ہوئے۔