کویت اردو نیوز : سعودی عرب کے مختلف شہروں میں جدید ٹیکنالوجی سے لیس ورچوئل پولیس سٹیشن رواں سال کام شروع کر دیں گے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق پیر کو ریاض میں شروع ہونے والے اسمارٹ سٹیز کے عالمی فورم میں وزارت داخلہ نے ایک ورچوئل پولیس اسٹیشن کا ماڈل پیش کیا جس میں شکایت درج کرنے سے لے کر حکام سے مختلف زبانوں میں بات چیت تک تمام سہولیات موجود ہیں۔
ورچوئل پولیس اسٹیشن بہت جلد عوامی مقامات، بازاروں اور جدید محلوں میں شروع کیا جائے گا۔
جدید ٹیکنالوجی کے متعارف ہونے سے معیار زندگی کو بہتر بنانے کے لیے ویژن 2030 کے اہم اہداف کو حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔
اس کے علاوہ، ورچوئل پولیس اسٹیشن کی وجہ سے زائرین پولیس اسٹیشن جانے، قطاروں میں کھڑے ہونے اور انتظار کرنے کی پریشانی سے بچ جائیں گے۔
جدید ٹیکنالوجی اسکرین کے ذریعے کام کرے گی جس میں ورچوئل پولیس اہلکار سائلین کو تمام سہولیات فراہم کریں گے۔
واضح رہے کہ گلوبل فورم فار سمارٹ سٹیز مختلف موضوعات پر غور کر رہا ہے جن میں شہر کی جدید تعمیر کا مستقبل، انفراسٹرکچر چینلز، آبادی میں اضافے کے حل اور متعلقہ جدید ٹیکنالوجیز کا استعمال شامل ہیں۔