کویت اردو نیوز 09 جون: کینیڈا میں دہشت گرد حملے میں شہید پاکستانی خاندان کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں مسلم کمیونٹی کے ساتھ ہیں، دائیں بازو کے انتہا پسندوں کودہشتگردوں کی فہرست میں ڈالیں گے۔ کینیڈا میں پاکستانی خاندان کی دہشت گرد حملے میں شہادت پرسوگ کا سماں ہے۔ انٹاریو میں دہشت گرد حملے میں شہید پاکستانی خاندان کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے جامع مسجد لندن میں تقریب ہوئی جس میں کینیڈین وزیراعظم و میئر لندن سمیت ارکان پارلیمنٹ نے شرکت کی۔تقریب میں دہشت گرد حملے کی مذمت کی گئی اور مسلم کمیونٹی سےیکجہتی کا اظہار کیا گیا۔ کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے تعزیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں مسلم کمیونٹی کےساتھ ہیں اور خطرات کا شکار کمیونٹیوں کا تحفظ کریں گے۔
جسٹن ٹروڈو کا کہنا تھا کہ اسلاموفوبیا،نسلی تعصب ایک حقیقت ہے۔ دائیں بازو کےانتہاپسندوں کودہشتگردوں کی فہرست میں ڈالیں گے اور مل کر ان کا مقابلہ کریں گے۔
یاد رہے کہ گذشتہ روز کینیڈا کے صوبہ اونٹاریو کے شہر لندن میں ایک پک اپ ٹرک ڈرائیور نے ایک ہی خاندان کے چار افراد کو کچل کر ہلاک کرڈالا تھا۔ پولیس نے ملزم کے اس قدام کو نفرت پر مبنی جرم قرار دیا تھا بعد ازاں کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے واقعے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ نفرت انگیز واقعے کا شکار افراد کے لواحقین کے ساتھ ہیں، کینیڈا میں اسلامو فوبیا کی کوئی جگہ نہیں، نفرت کو ختم کرنا ہوگا۔