کویت اردو نیوز ، 13 اکتوبر 2023: 14 اکتوبر کو پاک بھارت میچ کے موقع پر سٹیڈیم سمیت شہر بھر میں 11 ہزار سے زائد سکیورٹی اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق 14 اکتوبر کو پاک بھارت میچ کے موقع پر سٹیڈیم سمیت شہر بھر میں 11 ہزار سے زائد سکیورٹی اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔
احمد آباد کے ایڈیشنل پولیس کمشنر چراغ کوراڈیا نے کہا کہ دیگر میچوں کے مقابلے میں اس میچ کے لیے انتہائی سخت حفاظتی انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ سٹیڈیم اور شہر میں گجرات پولیس، نیشنل سکیورٹی گارڈ کمانڈو، اینٹی رائٹس فورس اور ہوم گارڈز سمیت 11 ہزار اہلکار سکیورٹی ڈیوٹی دیں گے۔
اتنی بڑی تعداد میں سیکیورٹی اہلکاروں کے علاوہ پولیس کی جانب سے اینٹی ڈرون سسٹم کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق یہ تمام انتظامات ممبئی پولیس کو گزشتہ دنوں موصول ہونے والی اس ای میل کے تناظر میں کیے جارہے ہیں جس میں وزیراعظم مودی اور اسٹیڈیم کو بم سے اڑانے کی دھمکیاں دی گئی ہیں۔
اس کے علاوہ اسٹیڈیم کے داخلی دروازوں پر سیکیورٹی کے جدید انتظامات کیے جارہے ہیں۔ سیکیورٹی اہلکار شہر میں گاڑیوں، ہوٹلوں اور گیسٹ ہاؤسز کو بھی چیک کریں گے۔
دو روز قبل گجرات کے وزیر اعلیٰ، وزیر داخلہ اور ریاستی پولیس سربراہ سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔
حیدرآباد پولیس کمشنر کے مطابق ایل ایس ملک، سٹیڈیم میں بھگدڑ کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہنگامی اقدامات بھی کیے جا رہے ہیں۔