کویت اردو نیوز ، 27 اکتوبر 2023: بالی ووڈ کی معروف اداکارہ کنگنا رناوت نے اسرائیل فلسطین کشیدگی پر کھل کر اسرائیل کی حمایت کردی جس کے بعد اداکارہ کو سوشل میڈیا پر شدید گالیاں دی جارہی ہیں۔
حال ہی میں کنگنا رناوت نے بھارت میں اسرائیل کی سفیر نور گلون سے ملاقات کی، جس کی تصاویر انہوں نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر پوسٹ کیں، یہی تصویر اسرائیل کے آفیشل ایکس اکاؤنٹ پر بھی پوسٹ کی گئی، جس میں انہوں نے اسرائیل کی تعریف کی۔ انہوں نے اداکارہ کی حمایت پر شکریہ ادا کیا۔
کنگنا رناوت نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں کہا کہ آج پوری دنیا بالخصوص اسرائیل اور بھارت دہشت گردی کے خلاف اپنی جنگ لڑ رہے ہیں، جب میں دہلی پہنچی تو سوچا کہ اسرائیلی سفارت خانے جا کر وہاں کے سفیر سے ملوں۔
حماس کو دہشت گرد تنظیم قرار دیتے ہوئے اداکارہ نے کہا کہ جس طرح سے اسرائیلی بچوں اور خواتین کو نشانہ بنایا جا رہا ہے وہ دل دہلا دینے والا ہے، مجھے پوری امید ہے کہ اسرائیل دہشت گردی کے خلاف یہ جنگ جیت جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں نے اسرائیلی سفیر سے اپنی نئی فلم ‘تیجس’ کے بارے میں بھی بات کی۔
کنگنا رناوت کی اس پوسٹ پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے شدید تنقید کی گئی، ایک صارف نے کہا کہ ‘میں آپ کی ایک بہادر اداکارہ کے طور پر عزت کرتا ہوں کیونکہ آپ ہمیشہ حق اور سچ کے ساتھ کھڑی رہیں لیکن اسرائیل کو سپورٹ کرکے آپ نے اپنی عزت کھو دی’۔
ایک صارف کا کہنا تھا کہ ’اسرائیل دہشت گردی کے خلاف نہیں بلکہ بے گناہ لوگوں کی نسل کشی کر رہا ہے، جو بھی اسرائیل کی حمایت کر رہا ہے اسے جلد اپنی غلطی کا احساس ہو جائے گا اور جب فلسطین آزاد ہوگا تو اسرائیل کے حمایتی صدمے سے مر جائیں گے‘۔
"وہ اب تک کی بدترین اداکارہ ہیں، ان کی تمام فلمیں فلاپ ہیں،” ایک اور صارف نے کہا۔
صارفین نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ اسے بلاک کیا جائے، اس کی فلموں کا بائیکاٹ کیا جائے اور کنگنا کو سوشل میڈیا سے ان فالو کیا جائے۔
صارفین نے یہ بھی کہا، "اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا ہے کہ آپ اسرائیل کی کتنی ہی حمایت کرتے ہیں، آپ کی فلمیں پھر بھی فلاپ ہوں گی”۔
یاد رہے کہ غزہ کی وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی بمباری میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 7 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے، جن میں سے زیادہ تر عام شہری ہیں، جب کہ سینکڑوں شہری زخمی ہوئے ہیں۔