کویت اردو نیوز 15 دسمبر: ورلڈ کپ فٹبال کے دوسرے سیمی فائنل میں فرانس نے مراکش کو 2 صفر سے شکست دے کر میگا ایونٹ فیفا ورلڈ کپ کے مسلسل دوسرے ایڈیشن کے فائنل میں جگہ حاصل کرلی ہے۔
قطر کے البیت اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں فرانس کی جانب سے تھیو ہرنانڈس نے میچ کے پانچویں منٹ میں پہلا گول سکور کیا۔ فرانس کے پہلے گول کے بعد مراکش کی ٹیم نے حریف ٹیم پر حملے بڑھائے مگر اُن کے کھلاڑی اسکور نہ کرسکے اور وقفے تک مقابلہ ایک صفر رہا۔
دوسرے ہاف میں مراکش نے حکمت عملی تبدیل کی اور اٹیکنگ گیم کھیلا، انہیں گول کرنے کے متعدد مواقع ملنے کے باوجود وہ خسارہ پورا نہ کرسکے، اسی دوران میچ کے 79 ویں منٹ میں کولو موآنی نے گول کرکے فرانس کی برتری دو صفر کردی۔
مراکش کے حملے اس کے بعد بھی جاری رہے، آخری چند منٹوں میں اُنہوں نے تابڑ توڑ حملے کیے مگر ناکام رہے اور میچ دو صفر سے فرانس کی جیت پر ختم ہوا۔
دفاعی چیمپئن ٹیم فرانس مسلسل دوسری مرتبہ فائنل میں پہنچنے میں کامیاب رہی جہاں اتوار کو فیصلہ کن معرکے میں اُس کا مقابلہ ارجنٹینا سے ہوگا۔ فائنل میچ کویت کے مقامی وقت شام 6 بجے جبکہ پاکستانی وقت کے مطابق رات 8 بجے شروع ہوگا۔
دوسری جانب فرانس اور مراکش کے درمیان ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میچ کے اختتام کے بعد پیرس میں شائقین بدھ کی رات کو اپنی قومی ٹیم کے فائنل میں پہنچنے کی خوشی میں چیمپس-ایلیسیز میں جمع ہوئے۔
شائقین کی حفاظت کے لیے پولیس کی سینکڑوں گاڑیوں نے علاقے کو گھیر لیا جہاں شائقین کی جانب سے شاندار آتش بازی بھی کی گئی۔
2002 کے بعد لگاتار دو مرتبہ ورلڈ کپ کے فائنل میں پہنچنے والی برازیل کی ٹیم کے بعد فرانس بھی اب دوسری بار اب ورلڈ چیمپئن بننے کے لئے ارجنٹائن کا سامنا کرے گا جبکہ اتوار کو ارجنٹائن ٹیم کے کپتان لیونل میسی 1962 میں برازیل اور 1938 میں اٹلی کے بعد ٹائٹل جیتنے کے بعد تیسری بار ورلڈ چیمپئن بننے کے لیے میدان میں اتریں گے۔
مراکش کی قومی ٹیم ہفتے کو تیسری پوزیشن کے فائنشر کا تعین کرنے کے لیے کروشیا کے خلاف ایک اور میچ کھیلے گی اور ان میں سے کچھ کو اپنے ملک واپس آنے کے بعد ہیرو کا استقبال کرنے کی توقع ہے۔