کویت اردو نیوز، 13 جولائی: پاکستان کے وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے پاکستان کو ایک ارب ڈالرز منتقل کردیے ہیں۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے اسحاق ڈار کا کہنا تھاکہ یو اے ای نے بھی اسٹیٹ بینک کے اکاؤنٹ میں رقم جمع کرادی ہے اور ان کی جانب سے ایک ارب ڈالر کی تصدیق کردی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف، آرمی چیف جنرل عاصم منیر اور پاکستان کے عوام کی جانب سے یو اے ای کی قیادت کا مشکور ہوں۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھاکہ سعودی عرب اور یو اے ای سے 3 ارب ڈالرز آچکے ہیں، اس سے ہمارے اسٹیٹ بینک کے ذخائر میں بہتری آئے گی۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کو آئی ایم ایف، عالمی بینک، ایشین ڈیولپمنٹ بینک، چین، سعودیہ اور یو اے ای سے فنانسنگ حاصل کرنی ہے۔
وزارت خزانہ کے پلان کے مطابق سعودی عرب سے 2 ارب ڈالر کی فنانسنگ حاصل کرنی تھی۔
اس کے علاوہ یو اے ای سے ایک ارب ڈالر، ایشیائی ترقیاتی بینک سے 50 کروڑ ڈالرکی فنانسنگ اور عالمی بینک سے 50 کروڑ ڈالرکی فنانسنگ حاصل کرنی ہے۔