کویت اردو نیوز ، 29 ستمبر 2023 :بالی ووڈ کے بے تاج بادشاہ شاہ رخ خان کی رواں مہینے ریلیز ہونے والی فلم "جوان” اس وقت باکس آفس پر راج کر رہی ہے۔
شاہ رخ خان بالی ووڈ انڈسٹری کے وہ واحد اداکار بن گئے ہیں جن کی ایک ہی سال میں دو فلمیں ریلیز ہوئیں اور دونوں نے ہی دنیا بھر میں ایک ہزار کروڑ روپے سے زیادہ کا بزنس کیا ہے۔
اہم بات یہ ہے کہ فلم "جوان” نے شاہ رخ خان کی فلم "پٹھان” کو بھی کامیابی اور کمائی میں پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
شاہ رخ خان کی فلم پٹھان نے بھارت میں 8 مہینوں میں 543 کروڑ روپے کمائے ہیں جبکہ "جوان” نے صرف 21 دنوں میں 576 کروڑ روپے کا بزنس کر کے تمام بالی ووڈ فلموں کو کمائی میں پیچھے چھوڑ دیا ہے اور سب سے زیادہ بزنس کرنے والی پہلی فلم بن گئی ہے۔
گزشتہ کل شاہ رخ خان نے اپنے مداحوں کیلئے سوشل میڈیا پر ایک لائیو سیشن رکھا جس میں انہوں نے صارفین کے مختلف سوالوں کے جواب دئیے۔
ایک مداح نے شاہ رخ خان سے سوال کیا کہ "آپ کا اپنی فلم جوان کی کمائی کے جعلی اعداد و شمار سے متعلق کیا خیال ہے؟ اطلاعات ملی ہیں کہ پروڈیوسر نے جعلی نمبرز پھیلائے ہیں۔”
جس پر شاہ رخ خان نے اس سوال کی تردید کرنے کے بجائے الٹا مداح کو کہا کہ "چپ بیٹھ اور گنتا رہ بس، گنتی کے دوران تنگ نہ کر۔”