کویت اردو نیوز ، 9 اکتوبر 2023: دنیا کی مشہور ترک سیریز ‘کرولوس عثمان’ میں مرکزی کردار ادا کرنے والے ترک اداکار براق اوزچیوٹ عرف عثمان بے نے اسپیشل سیکیورٹی یونٹ (SSU) ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا۔
ترک اداکار براق اوزچیوٹ حال ہی میں پاکستان پہنچے تھے اور گزشتہ روز کراچی کے ایک نجی شاپنگ سینٹر میں ان کا شاندار استقبال کیا گیا، براق نے اسپیشل سیکیورٹی یونٹ (SSU) کے ہیڈ کوارٹر کا بھی دورہ کیا۔
اس موقع پر ڈی آئی جی سیکیورٹی اینڈ ایمرجنسی سروسز ڈویژن کراچی ڈاکٹر مقصود احمد نے براق اوزچیوٹ کا استقبال کیا، ترک اداکار نے ڈی آئی جی سیکیورٹی اینڈ ایمرجنسی سروسز ڈویژن کراچی کے ہمراہ ایس ایس یو کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا۔ موجودہ پیشہ ورانہ مہارتوں اور انتظامات کو سراہا۔
براق اوزچیوٹ نے انتظامی، سیکورٹی اور انسداد دہشت گردی کے امور میں ایس ایس یو کے اعلیٰ پیشہ ورانہ معیارات کو سراہا اور اپنے خیالات کا اظہار کیا کہ وہ پاکستانی عوام کی جانب سے دی جانے والی گرمجوشی کے لیے بے حد مشکور ہیں۔
بعد ازاں ڈی آئی جی سیکیورٹی اینڈ ایمرجنسی سروسز ڈویژن نے براق اوزچیوٹ کو اعزازی شیلڈ بھی پیش کی۔