کویت اردو نیوز : نیپال میں 6.4 شدت کے زلزلے سے 140 افراد ہلاک اور سینکڑوں زخمی ہوگئے۔
غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق جمعہ کی شب آنے والے زلزلے کا مرکز دارالحکومت کھٹمنڈو سے 500 کلومیٹر مغرب میں تھا۔ زلزلے کے باعث کئی عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن گئیں۔ سڑکیں تباہ اور بجلی اور مواصلات کا نظام درہم برہم ہو گیا۔ زلزلے سے سینکڑوں افراد زخمی ہوئے ہیں جب کہ متعدد اب بھی ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ زلزلے سے متاثرہ دور دراز پہاڑی علاقوں میں امدادی کارروائیاں کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔ نیپالی فوج بھی امدادی کارروائیوں میں سول انتظامیہ کی مدد کر رہی ہے۔ زلزلے سے مرنے والوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔
نیپال میں زلزلے کے جھٹکے بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی کے کئی علاقوں میں بھی محسوس کیے گئے ، نیپال میں 2015 میں آنے والے تباہ کن زلزلے میں 9 ہزار افراد ہلاک ہوئے تھے۔