کویت اردو نیوز : پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے تینوں فارمیٹ کی کپتانی چھوڑنے کا اعلان کر دیا ہے۔ بابر اعظم نے ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی فارمیٹس کی کپتانی سے مستعفی ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ کپتانی سے استعفیٰ دینا مشکل فیصلہ ہے، نئے کپتان کی مکمل حمایت کروں گا۔
بابر اعظم نے مزید کہا کہ پاکستان کی کپتانی کرنا اعزاز کی بات ہے، میں تینوں فارمیٹس میں بطور کھلاڑی کارکردگی کا مظاہرہ کرتا رہوں گا، میں پاکستان کرکٹ بورڈ کا مشکور ہوں کہ انہوں نے مجھے پاکستانی ٹیم کی قیادت کا موقع دیا۔
ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کی مایوس کن کارکردگی کے حوالے سے بابر اعظم نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکا اشرف سے ملاقات کی۔ یہ ملاقات قذافی سٹیڈیم میں چیئرمین کے چیمبر میں ہوئی۔
کپتان بابر اعظم نے ذکا اشرف کو ٹیم کی ناقص کارکردگی سے متعلق رپورٹ پیش کی۔
— Babar Azam (@babarazam258) November 15, 2023
ذرائع کے مطابق بابر اعظم نے بولنگ سمیت تمام شعبوں میں ناقص کارکردگی کوذمہ دار ٹھہرایا، بھارت کے خلاف ناکامی کے بعد کھلاڑیوں کا مورال گر گیا۔
بابر اعظم نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ جنوبی افریقہ اور افغانستان سے ناکامی سیمی فائنل میں نہ پہنچنے کی وجہ ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بابر اعظم دورہ آسٹریلیا میں ٹیسٹ ٹیم کی قیادت کریں گے۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی نے بابر اعظم کو ٹیسٹ کی قیادت کی پیشکش کی ہے تاہم بابر نے کہا کہ سوچ کر جواب دیں گے۔
ذکاء اشرف سے ملاقات کے بعد بابر اعظم قذافی سٹیڈیم سے روانہ ہو ئے توشائقین نے سٹیڈیم سے نکلتے ہی بابر اعظم کی گاڑی کو گھیرلیا۔ کپتان بابر اعظم کے مداحوں کی جانب سے نعرے لگائے گئے جس پر بابر اعظم گاڑی میں بیٹھے مسکراتے رہے۔
قذافی سٹیڈیم کے سامنے ٹریفک جام ہوگئی ، پی سی بی کے سکیورٹی عملے نے بابر اعظم کی گاڑی کےلیےراستہ بنایا اور باہر لے گئے۔